راجوری آرمی کیمپ میں فائرنگ کس نے کی؟ 3 اہلکاروں سمیت 5 فوجی زخمی، پریکٹس کے دوران کیا ہوا،سچائی آئی سامنے
راجوری: جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں جمعرات کو ایک فوجی کیمپ کے اندر ایک افسر کی مبینہ طور پر فائرنگ اور گرینیڈ کے دھماکے کے بعد کم از کم پانچ فوجی اہلکار زخمی ہو گئے، جن میں تین افسران بھی شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ ذرائع کے مطابق ایک میجر رینک کے افسر نے فائرنگ پریکٹس سیشن کے دوران بغیر کسی اشتعال کے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کی اور پھر یونٹ کے اسلحہ خانے میں چھپ گیا۔ جب سینئر افسران اسے ہتھیار ڈالنے پر راضی کرنے عمارت کے قریب گئے تو اس نے ان پر دستی بم پھینکے۔ ذرائع کے مطابق اہلکار کو تقریباً آٹھ گھنٹے بعد اسلحہ خانے کے اندر قابو کیا گیا۔ یہ واقعہ ضلع کے تھانہ منڈی کے قریب نیلی چوکی میں پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج نے احتیاطی اقدام کے طور پر اسلحہ خانے کے قریب واقع ایک گاؤں کو خالی کرایا۔ تاہم فوج نے دعویٰ کیا کہ راجوری میں ایک چوکی پر ممکنہ گرینیڈ حادثے میں ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔ فوج کی وائٹ نائٹ کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ (پہلے ٹویٹر) پر پوسٹ کیا کہ ‘5 اکتوبر 23 کو راجوری سیکٹر میں ایک پوسٹ پر ممکنہ گرینیڈ حادثے میں ایک افسر زخمی ہوا تھا۔ اہلکار کو وہاں سے نکال لیا گیا اور ابتدائی علاج کے بعد اس کی حالت مستحکم ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔