Headlines

بنگلہ دیش سرحد پر الرٹ موڈ میں بی ایس ایف، لگاتار ہورہی فلیگ میٹنگ، جانئے کیا ہے اس کا مقصد

بنگلہ دیش سرحد پر الرٹ موڈ میں بی ایس ایف، لگاتار ہورہی فلیگ میٹنگ، جانئے کیا ہے اس کا مقصد

ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل سے بدھ تک صرف ایک دن میں مشرقی زون میں بارڈر سیکیورٹی فورس اور بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کے درمیان 10 فلیگ میٹنگز ہوئیں۔ اس سے قبل گزشتہ ایک ہفتے میں 83 فلیگ میٹنگز ہوئیں۔

نئی دہلی : جب سے بنگلہ دیش میں حالات خراب ہوئے ہیں، بی ایس ایف سرحد پر مسلسل الرٹ موڈ میں ہے۔ سیکورٹی اداروں کے مطابق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت میں وزارت داخلہ کے مشیر کے دعوے کے برعکس بی ایس ایف اور بارڈر گارڈ بنگلہ دیش مل کر ہندوستان کے ساتھ سرحد کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کی وزارت داخلہ کے مشیر ایم شیخاوت حسین نے کہا تھا کہ ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد پر بارڈ گارڈ بنگلہ دیش پیٹھ نہ دکھائیں اور مقابلہ کریں ۔ بی ایس ایف نے ان کے بیان کو غلط قرار دیا ہے۔ اس پر سیکورٹی ایجنسی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستان بنگلہ دیش سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورس اور بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کے درمیان باقاعدگی سے فلیگ میٹنگز ہوتی رہتی ہیں۔

اس بارے میں بی ایس ایف کے سابق آئی جی او پی تیواری کا کہنا ہے کہ یہ بیان بغیر سوچے سمجھے دیا گیا ہے۔ انہیں اصل حالات کا علم نہیں ہے۔ طے شدہ پروٹوکول ہیں جن کے تحت دونوں افواج کے درمیان بات چیت ہوتی ہے تاکہ کشیدگی نہ ہو۔ بی ایس ایف مقررہ پروٹوکول کے مطابق ملک کی سرحد کی مسلسل حفاظت کرتا ہے۔ بنگلہ دیش میں حکومت کی تبدیلی اور سرحد پر پیدا ہوئی صورتحال کے بعد 241 مشترکہ پٹرولنگ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ حکومت ہند کی وزارت داخلہ کی ایک کمیٹی بھی سرحد کا دورہ کر رہی ہے۔ سرحدی حفاظت کے لیے تعینات تمام ایجنسیاں ہندوستانی سرحد کو محفوظ رکھنے کے لیے تال میل سے کام کر رہی ہیں۔ سیکورٹی ایجنسی کے مطابق جب بنگلہ دیش میں مقیم اقلیتوں کا ہجوم سرحد پر بڑھ گیا تو بی ایس ایف نے فوری طور پر بارڈر گارڈ بنگلہ دیش سے رابطہ کیا اور یہ فورس بنگلہ دیش کے شہریوں کو بحفاظت ان کے گھروں تک لے گئی۔

اسی طرح بنگلہ دیش سے جو شہری ہندوستان آرہے ہیں، درست دستاویزات کے ساتھ دونوں افواج ساتھ مل کر انہیں ہندوستان میں بحفاظت داخل کروا رہی ہیں۔ دونوں افواج کے درمیان تعاون کا پروٹوکول موجود ہے۔ کچھ اصول ہیں جن پر عمل کیا جا رہا ہے۔ مثال کے طور پر مستقل بنیادوں پر فلیگ میٹنگز کا انعقاد۔ اگر سرحد پر کوئی مشکوک سرگرمی ہو تو فوری طور پر ایک دوسرے کو اطلاع دینا، دونوں ممالک اپنی سرحد میں مشکوک شہریوں کے داخل ہونے کی اطلاع فوری طور پر دوسری فورس کو دیں، دونوں افواج وقتاً فوقتاً مشترکہ گشت کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *