جموں و کشمیر: دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے 43 پولیس سٹیشنوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا کام شروع
ولیس کے ڈائیریکٹر جنرل دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ ان پولیس اسٹیشنوں کو جدید طرز پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ ان سٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں بچی کھچی دہشت گردی کا قلع قمع کیا جاسکے۔
جموں : جموں و کشمیر پولیس یوٹی سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لئے مختلف قدم اٹھا رہی ہے۔ اگرچہ جموں و کشمیر سے دہشت گردی کا کافی حد تک خاتمہ کیا جاچکا ہے ۔ تاہم بچی کھچی دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے یو ٹی کے 43 پولیس سٹیشنوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ یہ بات پولیس کے ڈائیریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے کہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان پولیس اسٹیشنوں کو جدید طرز پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ ان سٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں بچی کھچی دہشت گردی کا قلع قمع کیا جاسکے۔
ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس نے آپریشن کیپیسٹی بلڈنگ کے تحت ابھی تک ایسے اکیس پولیس سٹیشنوں کو جدید آلات اور دیگر ضروری سہولیات سے لیس کیا ہے تاکہ ان علاقوں میں دہشت گردی کو ختم کیا جاسکے۔ شیری بارہمولہ میں پولیس کے پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر دلباغ سنگھ نے کہا کہ باقی ماندہ 22 پولیس اسٹیشنوں کو بھی جلد جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس برس ایک ہزار آٹھ سو پولیس اہلکاروں کو کمانڈو ٹریننگ دی گئی ہے اور ان کمانڈوز کو یوٹی کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے ۔ تاکہ وہ وقت پر کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی کا مقابلہ کر سکیں اور ایسی کارروائیوں کو وقت رہتے روک لیں۔