کولکاتہ ڈاکٹر آبروریزی کیس میں اب تک کیا کیا ہوا؟ آٹوپسی میں کیا نکلا؟
کولکاتہ ڈاکٹر آبروریزی کیس میں اب تک کیا کیا ہوا؟ آٹوپسی میں کیا نکلا؟
کولکاتہ کا سرکاری آر جی کر میڈیکل کالج خبروں میں ہے۔ وہاں واقع ایک سیمینار ہال میں ایک جونیئر لیڈی ڈاکٹر کی عصمت دری کی گئی اور قتل کر دیا گیا۔ اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مغربی بنگال کی راجدھانی کولکتہ میں ایک خاتون ڈاکٹر کے ساتھ درندگی اور قتل کے معاملے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ خواتین کی حفاظت پر ایک بار پھر سوال جاکر اٹک گیا ہے۔ یہ واقعی بدقسمتی کی بات ہے کہ اسپتال جیسی عوامی جگہ پر اس طرح کا واقعہ رونما ہو، جہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ کولکاتہ ڈاکٹر ریپ اور قتل کیس کا ملزم اب پولیس کی گرفت میں ہے۔
کولکاتہ پولیس نے اس معاملے میں ایک شہری رضاکار کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی شناخت سنجے رائے کے طور پر کی گئی ہے۔ کولکاتہ کی ایک عدالت نے 10 اگست کو گرفتار ملزم کو 14 دن کے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ بتادیں کہ یہ معاملہ 9 اگست کو آر جی کر میڈیکل کالج – اسپتال میں ایک جونیئر ڈاکٹر کے ساتھ بربریت کا ہے۔ متاثرہ میڈیکل کالج کے چیسٹ میڈیسن ڈیپارٹمنٹ میں پوسٹ گریجویٹ سیکنڈ ایئر کی طالبہ اور ٹرینی ڈاکٹر تھی۔
9 اگست کو کیا ہوا؟
آر جی کر میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کولکاتہ شہر کے لال بازار جیسے پرہجوم علاقے میں واقع ہے۔ کولکاتہ میں مقامی رپورٹس کے مطابق جونیئر ڈاکٹر جمعرات کو اسپتال میں رات کی ڈیوٹی کر رہی تھی ۔ رات 2 بجے کے قریب انہوں نے اپنی ٹیم کے کچھ ڈاکٹروں کے ساتھ کھانا کھایا۔ پھر وہ کچھ دیر آرام کرنے سیمینار ہال میں چلی گئیں۔ اس کے بعد ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ صبح 6 بجے وہ نیم برہنہ اور مردہ پائی گئی۔
جسم پر زخم کے نشانات
پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ عصمت دری کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ ایک جونیئر خاتون ڈاکٹر کی لاش گدے پر پڑی تھی۔ اس گدے پر خون کے دھبے تھے۔ متاثرہ خاتون ڈاکٹر کے منہ اور دونوں آنکھوں پر خون تھا۔ پرائیویٹ پارٹ پر خون کے دھبے اور چہرے پر ناخن کے نشان تھے۔ ہونٹ، گردن، پیٹ، بائیں ایڑی اور دائیں ہاتھ کی انگلی پر بھی چوٹ کے نشان پائے گئے ۔ متاثرہ کے والد نے جمعہ کو مقامی تلہ پولیس اسٹیشن میں آبروریزی اور قتل کی شکایت درج کروائی تھی۔
پولیس نے کیا کارروائی کی؟
واقعہ کا علم ہوتے ہی لال بازار کے اعلیٰ افسران اسپتال پہنچ گئے تھے۔ ہومی سائیڈ برانچ کے علاوہ ویمن کمپلینٹ سیل کے ارکان بھی وہاں موجود تھے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے کولکاتہ پولیس کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ جس سیمینار ہال میں یہ واقعہ پیش آیا وہاں کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں تھا۔ اس لیے پولیس نے آس پاس کے لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔ ایس آئی ٹی نے جمعہ کی رات اسپتال میں تعینات ایک شہری رضاکار سے بھی سوال و جواب کیا تھا۔
بلوٹوتھ سے کھلا معاملہ
جائے وقوعہ سے ایک بلوٹوتھ ائیرفون ملا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم سنجے رائے کو صبح 4 بجے سیمینار ہال میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔ اسپتال میں آنے کے دوران اس نے کانوں میں ائیرفون لگائے ہوئے تھے۔ تاہم جب وہ اسپتال سے باہر نکلا تو اس کے پاس ائیرفون نہیں تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ملے ائیرفون کو تمام مشتبہ افراد کے فون سے کنیکٹ کرنے کی کوشش کی اور یہ سنجے رائے کے فون سے کنیکٹ ہوگیا ۔ پوچھ گچھ کے دوران سنجے نے عصمت دری اور قتل کا اعتراف کرلیا۔
کون سی دفعات لگائی گئیں؟
پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 103 (1) قتل اور سیکشن 64 (ریپ) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد عصمت دری اور قتل کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پولیس نے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے اور اسپتال انتظامیہ نے 3 ارکان پر مشتمل تحقیقاتی پینل تشکیل دیا ہے۔ واقعے کے بعد میڈیکل کے طلبہ کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں نے اسپتال کے باہر احتجاج کیا۔ اس معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹرز کیا کہہ رہے ہیں؟
میڈیکل کالج کے ڈاکٹرز مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر 48 گھنٹے کے اندر جانچ مکمل نہیں ہوئی تو وہ ملک بھر میں ہڑتال اور احتجاج کریں گے۔ وہیں آر جی کر میڈیکل کالج اور اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سنجے رائے کو ملزم قرار دے کر کسی اور کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ 9 اگست کو اس خاتون ڈاکٹر کے ساتھ جو ہوا، وہ کل ان کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔