بنگلورو : کافی ہاوس میں ٹوائلٹ گئی خاتون، ڈسٹبن دیکھ کر نکل گئی چیخ، فورا بلائی پولیس، پھر…
بنگلورو : کافی ہاوس میں ٹوائلٹ گئی خاتون، ڈسٹبن دیکھ کر نکل گئی چیخ، فورا بلائی پولیس، پھر…
بنگلورو کے ایک مشہور کافی آؤٹ لیٹ میں ایک خاتون بیت الخلاء گئی تو اس کی نظر کوڑے دان پر پڑی۔ اس کو دیکھ کر وہ حیران رہ گئی اور فوراً پولیس کو بلا لیا ۔ جانئے پھر کیا ہوا
بنگلورو : بنگلورو کے ایک مشہور کافی آوٹ لیٹ میں ایک انتہائی چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس سے خواتین میں کافی تشویش پائی جاتی ہے۔ دراصل جب ایک خاتون واش روم گئی تو وہاں رکھے ڈسٹ بن کو دیکھ کر حیران رہ گئی۔ اس کوڑے دان کے اندر ایک موبائل فون رکھا ہوا تھا جو تقریباً دو گھنٹے سے ویڈیو ریکارڈ کر رہا تھا۔ یہ واقعہ بیل روڈ پر واقع تھرڈ ویو کافی آؤٹ لیٹ میں پیش آیا ہے۔ یہاں ایک ملازم کو لیڈیز واش روم میں فون چھپانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
‘گینگس آف سنے پور’ نامی ایک انسٹاگرام ہینڈل نے ایک اسٹوری پوسٹ کی، جس میں ایک یوزر نے اس واقعے کے بارے میں بتایا۔ اس کہانی میں لکھا تھا : ‘میں بنگلورو کے تھرڈ ویو کافی آؤٹ لیٹ پر تھی… ایک عورت کو واش روم کے کوڑے دان میں ایک فون ملا، جو تقریباً 2 گھنٹے سے ویڈیو ریکارڈ کر رہا تھا۔ کیمرے کا رخ ٹوائلٹ سیٹ کی طرف تھا۔ فون فلائٹ موڈ پر تھا، تاکہ کوئی فون کال نہ آئے۔
یوزر کا مزید کہنا تھا کہ فون کو اس طرح چھپایا گیا تھا کہ صرف کیمرہ ہی نظر آتا تھا۔ اس نے بتایا کہ ‘فون کو احتیاط سے کوڑے دان میں چھپایا گیا تھا۔ کوڑے دان میں صرف ایک سوراخ کیا گیا تھا کہ صرف کیمرہ ہی نظر آتا تھا۔ جلد ہی پتہ چلا کہ فون وہاں کام کرنے والے ایک آدمی کا تھا‘۔
اس یوزر نے سبھی لوگوں سے عوامی بیت الخلاء کے استعمال میں احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ انہوں نے لکھا کہ ‘یہ دیکھنا بہت ہی خوفناک تھا۔ اب میں کوئی بھی واش روم استعمال کرتے وقت محتاط رہوں گی، خواہ کیفے یا ریسٹورنٹ کتنا ہی مشہور کیوں نہ ہو۔ میری آپ سب سے گزارش ہے کہ ایسا ہی کریں۔ یہ بہت گھنونا ہے‘۔
خاتون نے ڈسٹ بن میں رکھا یہ فون کیفے کے عملے کو دکھایا تو عملے نے اسے فوراً پہچان لیا۔ یہ فون کافی ہاؤس کے ہی ایک ملازم کا نکلا۔ اس واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی جس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ وہیں اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تھرڈ ویو کافی نے کہا کہ ‘ہمیں بنگلورو میں ہمارے بیل روڈ آؤٹ لیٹ پر ہوئے اس واقعے پر افسوس ہے ۔ تھرڈ ویو کافی میں ایسی حرکتیں ہر گز برداشت نہیں کی جائیں گی‘۔
ملک بھر کے کئی شہروں میں آؤٹ لیٹس والی اس کافی چین نے کہا کہ ‘ہم نے فوری طور پر اس شخص کو نوکری سے نکال دیا ہے اور اپنے گراہکوں کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے۔’ پولیس نے بتایا کہ ملزم کو آئی ٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کی عمر 20 سال ہے اور وہ کرناٹک کے بھدراوتی کا رہنے والا ہے۔