اسمبلی انتخابات کیلئے درکار ای وی ایم مشینیں شہر پہنچ گئیں 10فروری کو سیاسی نمائندوں کی موجودگی میں مشینوں کی جانچ

بنگلورو۔2فروری(سالار نیوز) بنگلور شہر ی ضلع کے انتخابی افسر اور بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کے چیف کمشنر تشار گری ناتھ نے بتا یا کہ ر یاستی اسمبلی انتخابات کے دوران بنگلور شہری ضلع کی حدود میں آنے والے 7اسمبلی حلقوں کے لئے استعمال کئے جانے والے ای وی ایم شہر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ 10تا19فروری سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں ای وی ایم مشینوں کی جانچ کی جا ئے گی۔داسنا پورہ ہوبلی کے پلا ہلی دیہات میں 5.10کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیر کر دہ ای وی ایم اور وی وی پیاٹ اسٹرانگ روم عمارت کا افتتاح کر نے کے بعداخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے اس بات کی جانکاری دی۔انہوں نے بتا یا کہ انتخابی کمیشن کی ہدایت پر ای وی ایم اسٹرانگ روم عمارت قائم کی گئی ہے،یہاں 7اسمبلی حلقوں کے ای وی ایم اور وی وی پیاٹ رکھے جائیں گے۔ انہوں نے بتا یا کہ اسی طرح شہر کے دیگر تین مقامات پر بھی اسٹرا نگ رومس کی عمارتیں قائم کی جائیں گی۔تشار گری ناتھ نے بتا یا کہ فی الوقت یہاں 7اسمبلی حلقوں کے ای وی ایم آئے ہو ئے ہیں، ان ای وی ایم کی جانچ کے لئے انتخابی کمیشن نے80انجینئرس کو مقررر کیا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ10فروری سے تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے سامنے ان ای وی ایم مشینوں کی جانچ کی جائے گی،جانچ کے دوران کسی بھی طرح کے شک وشبہات ہو تو انہیں دور کئے جا سکتے ہیں۔تشار گری ناتھ جو بنگلور شہری ضلع کے انتخابی افسر بھی ہیں نے بتا یا کہ بنگلور شہری ضلع کے7اسمبلی حلقوں میں 3,083پو لنگ بوتھس قائم کئے گئے ہیں۔اس موقع پر بنگلور شہری ضلع کے ڈپٹی کمشنر دیا نند نے بتا یا کہ انتخابی کمیشن سے فی الوقت 12.5فیصد ای وی ایم مشینیں شہر پہنچ چکی ہیں، مزید13.5فیصد وی وی پیاٹ کی ضرورت ہے، 6فروری سے وی وی پیاٹ شہر پہنچنے والے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ انتخابی کمیشن کی ہدایت پر ای وی ایم مشینیں ای وی ایم اسٹرانگ روم عمارت میں رکھی گئی ہیں،یہاں پو لیس بندوبست کے لئے محکمہ پو لیس سے گزارش کی گئی ہے۔اس موقع پر اڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرشنا مورتی،پلائننگ ڈائرکٹر راجو سمیت دیگر افسران حاضر رہے۔