مرکز نے اگنی ویروں کو سنائی خوشخبری-بی ایس ایف بھرتیوں میں 10فیصد ریزرویشن اور عمر کی حد میں چھوٹ کا اعلان

نئی دہلی-10مارچ(ایجنسی)مرکزی حکومت نے ہندوستانی فوج میں بھرتی کے نئے عمل یعنی اگنی ویر منصوبہ کے تحت شامل ہو رہے اگنی ویروں کو ایک نئی خوشخبری سنائی ہے- مرکز نے اگنی ویروں کیلئے بی ایس ایف کے اندر تقرریوں میں 10فیصد ریزرویشن دینے کا اعلان کیا ہے- اتنا ہی نہیں، اگنی ویروں کو عمر کی اوپری حد میں چھوٹ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے- حالانکہ یہ اس بات پر انحصار کرتا ہے کہ وہ اگنی ویر پہلے بیچ کا حصہ ہیں یا بعد کے بیچوں کا-وزارت داخلہ نے گزشتہ6مارچ کو اس سلسلے میں اعلانیہ کو منظوری دیتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے- وزارت داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اگنی ویر بھرتی کے پہلے بیچ سے پاس آؤٹ ہونے والے25فیصد امیدواروں کو براہ راست فوج میں مستقل ملازمت دی جائے گی- بقیہ75فیصد اگنی ویر امیدواروں کو فوج کی مختلف یونٹس، پولیس بھرتی، سنٹرل مسلح افواج وغیرہ کی تقرری میں ترجیح دی جائے گی- اس کے علاوہ کئی دیگر فائدے بھی ملتے ہیں -جو نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے اس کے مطابق75فیصد امیدواروں کو جو دیگر افواج میں درخواست کرنے کے خواہش مند ہوں گے انھیں اس نوٹیفکیشن کے تحت بارڈر سکیورٹی فورس یعنی بی ایس ایف(ایکس-اگنی ویر بی ایس ایف ریکروٹمنٹ)کی بھرتی میں 10فیصد ریزرویشن کے علاوہ پہلے بیچ میں سبھی درجات کے امیدواروں کو اوپری عمر کی حد میں پانچ سال کی چھوٹ دی جائے گی-نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایکس-اگنی ویر درجہ سے بھرتی ہونے والے دیگر بیچ (پہلے بیچ کے علاوہ دیگر سبھی)کے امیدواروں کو بارڈر سکیورٹی فورس یعنی بی ایس ایف کی تقرری میں 10فیصد ریزرویشن کے علاوہ سبھی درجات کے امیدواروں کو اوپری عمر کی حد میں 3سال کی چھوٹ نافذ رہے گی- اتنا ہی نہیں، مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت کے مطابق انڈر سکریٹری شیو لہری مینا نے بتایا کہ بی ایس ایف کی تقرریوں میں ایکس-اگنی ویروں کو فیزیکل ایفی شینسی ٹسٹ یعنی جسمانی صلاحیت ٹسٹ سے بھی چھوٹ دی جائے گی- یعنی انھیں دوبارہ جسمانی صلاحیت کے امتحان میں اہلیت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی- وہ براہ راست اگلے دور میں بھرتی کے اہل ہوں گے-