وزیر اعظم جی نہ کوئی جانچ، نہ جواب!آخر اتنا خوف کیوں؟ حکومت کو تمام پیسہ اڈانی گروپ میں لگانے کی وجہ بتانی چاہئے:راہل

نئی دہلی:27مارچ (ایجنسی)پارلیمانی رکنیت کی منسوخی کے بعد راہل گاندھی کا بی جے پی پرحملہ مزیدجارحانہ ہوگیاہے۔پیرکے روزبھی کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک بار پھر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ایل آئی سی کا سرمایہ، اڈانی کو! ایس بی آئی کا سرمایہ، اڈانی کو! ای پی ایف او کا سرمایہ بھی، اڈانی کو! موڈانی کے سامنے آنے کے بعد بھی عوام کے ریٹائرمنٹ کی رقم اڈانی کی کمپنیوں میں کیوں لگائی جا رہی ہے؟ وزیراعظم جی، نہ کوئی جانچ، نہ کوئی جواب! آخر اتنا خوف کیوں؟کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت عوام کا پیسہ اڈانی گروپ کی کمپنیوں میں کیوں لگا رہی ہے، اس کا ملک کو جواب چاہئے لیکن حکومت خاموش ہے۔مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ اڈانی گروپ کی کمپنیوں میں جو رقم غلط طریقے سے لگائی گئی ہے اس کے بارے میں سوالات پوچھے جارہے ہیں لیکن اس کی نہ جانچ کی جارہی ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی جواب دیا جارہا ہے۔ دریں اثنا کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی سوال کیا کہ چند سالوں میں اڈانی کی دولت 12 لاکھ کروڑ روپے تک کیسے پہنچ گئی اور جب کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس بارے میں سوال کیا تو ان کی آواز کو دبانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔