وزیر اعظم مودی کو راہل گاندھی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں: یتیندرا سدارامیا

ہنسورو:27مارچ (محمد رفیق) رکن اسمبلی ڈاکٹر یتیندرا سدارامیا نے کہا کہ راہل گاندھی کی جانب سے پارلیمان میں وزیر اعظم نریندر مودی کے کرتوتوں کو منظر عام پر لانے کے خوف سے راہل گاندھی کو لوک سبھا رکنیت سے نا اہل قرار دیا گیا ہے۔ یہاں کلکنکے لے آؤٹ میں کانگریس پارٹی کارکنوں کا اجلاس اور مختلف مستفیدین کی جانب سے رکن اسمبلی ای پی منجوناتھ کو تہنیت اور کانگریس پارٹی میں شمولیت پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یتیندرا سدارامیا نے اس خیال کااظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ مودی کو راہل گاندھی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے،اس لئے ان کے خلاف مختلف حربے استعمال کررہی ہیں۔ بی جے پی حکومت نے سدارامیا حکومت کے دوران جاری بے شمار فلاحی اسکیموں کو رد کیا ہے اور ریاست میں بی جے پی وجنتادل (ایس) ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ رکن اسمبلی انیل چک مادو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد جب جنتادل (ایس) میں شامل ہوئے اور ایچ ڈی کوٹیل سے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ان کا دیہانت ہوا تو جنتادل (ایس) قائدین نے انہیں ملاقات کرنے کا موقع تک نہیں دیا۔ اس وقت آنجہانی دھروا نارائن اور منجنا نے ان کا ساتھ دیا۔اس موقع پر امیت دیورہٹی، اڈوکیٹ چنا بسپا ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ رکن اسمبلی ایچ پی منجوناتھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ 15سال سے حلقہ کے عوام کی خدمت انجام دی ہے اور کبھی بھی ذات پات کی سیاست نہیں کی ہے۔ اس موقع پر آدی جامبوا سنگھا کے رہنما لکشمیا، نائک سماج کے روی کمار، چندر شیکھر ودیگر نے جنتادل (ایس) کو خیر باد کہہ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ پروگرام سے قبل رکن اسمبلی منجوناتھ، یتیندرا سدارامیا، انیل چک مادو، دیورہٹی ودیگر کا کل کنکے سرکل سے شاندار جلوس کے ذریعہ استقبال کیا گیا۔ اس اجلاس میں بلاک کانگریس صدر نارائن، کل کنکے رمیش، دیوراج، پٹاراج،مقامی بلدیہ اراکین ودیگر حاضررہے۔