سدارمیاکابینہ میں توسیع،24وزراء کی حلف برداری، رحیم خان وزارت میں شامل

بنگلور-27مئی (سالا ر نیوز) کرناٹک میں سدارامیا حکومت کی پہلی کابینہ کی توسیع کی تقریب حلف برداری ہفتہ (27مئی) کو ہوئی- اس دوران کانگریس قائدین ایچ کے پاٹل، کرشنا بائرے گوڈا نے کرناٹک کے وزراء کی حیثیت سے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا- ان کے ساتھ 22دیگر ایم ایل اے نے بطور وزیر حلف لیا- کانگریس نے کرناٹک کی کابینہ میں توسیع کیلئے 2024کے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے-کانگریس ہائی کمان کی طرف سے جاری کردہ ناموں میں ذات پات کی مساوات سے لے کر علاقائی ترجیحات کا خیال رکھتے ہوئے یہ واضح ہے کہ کانگریس کا گیم پلان صرف کرناٹک تک محدود نہیں ہے- کہا جا رہا ہے کہ کابینہ کی توسیع کے ذریعے کانگریس 2024کے لوک سبھا انتخابات میں پڑوسی ریاستوں میں اپنا سیاسی میدان مضبوط کرنے کیلئے کمر بستہ ہے- کرناٹک کانگریس کے 24ایم ایل ایز کو عہدے کا حلف دلایا گیا-ان لیڈروں میں دنیش گنڈوراؤ، شرنباسپا درشنا پور، ایچ کے پاٹل، کرشنا بائرے گوڈا، این چیلوواریا سوامی، کے وینکٹیش، شیوانند پاٹل، ٹمما پور راماپا بالپا، ایس ایس ملکارجنا، تنگدگی شیوراج سنگپا، ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا، ایشور کھنڈرے، شارپرانا، راجپپا، کے ونکٹیش، ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا شامل ہیں - پاٹل، سنتوش ایس لاڈ، این ایس بوس راجو، سریش بی ایس، مدھو بنگارپا، ڈاکٹر ایم سی سدھاکر، منکال ویدیا، لکشمی آر ہیبالکر، رحیم خان، ڈی سدھاکر اور بی ناگیندرنے بھی حلف لیا-نامدھاری ریڈی برادری سے ایک، وکالیگا برادری سے چار، درج فہرست ذات سے ایک، بنجیگا ویراشائیوا لنگایت برادری سے ایک، شیڈول ٹرائب سے دو، برہمن برادری سے ایک، ریڈی لنگایت برادری سے ایک، پنچمشالی لنگایت برادری سے دو، ایس سی ایک- (بائیں) سدر لنگایت برادری سے ایک، ایس سی بھوی برادری سے ایک، آدی بنجیگا لنگایت برادری سے، ایک موگاویرا (پسماندہ طبقات) سے، ایک مسلم برادری سے، ایک جین برادری سے، ایک مراٹھا (پسماندہ طبقات) سے ایک راجو (پسماندہ طبقے) سے، کروبا (پسماندہ طبقے) سے ایک، ایڈیگا (پسماندہ طبقے) سے ایک کو وزیر بنایا گیا ہے- اس بات کی امید کی جارہی تھی کہ بی جے پی چھوڑکر کانگریس میں شامل ہونے والے سابق وزیر لکشمن سودی کووزارت میں لیا جائے گا -لیکن ان کا نام شامل نہیں تھا -اسی طرح لجس لیٹیو کونسل میں کانگریس کے لیڈر بی کے ہری پرساد وزارت میں شامل نہ کئے جانے پر وزیراعلیٰ سے ناراض نظر آئے- ریاستی وزارت میں صرف دومسلم نمائندوں ضمیراحمدخان اور رحیم خان کو جگہ مل پائی ہے - جب کہ ریاستی اسمبلی اسپیکر کا آئینی عہدہ یوٹی قادر کو دیا گیا ہے - تقریب حلف برداری میں گورنر وزیراعلیٰ اورنائب وزیراعلیٰ کے ساتھ ڈائس پر بیٹھ کر یوٹی قادر مرکزتوجہ بنے رہے - 24 وزراء کی حلف برداری کے ساتھ ہی ان وزراء میں قلمدان تقسیم کردئے گئے -سدارامیا کی وزارت کے مکمل ہونے کے ساتھ ہی یہ توقع کی جارہی ہے کہ حکومت کافی تیزی سے اپنا کام شروع کرے گی- وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ انتظامیہ کو فعال ومتحرک بنانے کیلئے وزارت کی تمام نشستوں کو پُر کردیا گیا ہے اور وزراء کی صلاحیتوں کے مطابق ان کو قلمدان بھی تقسیم کئے جاچکے ہیں تاکہ کانگریس نے انتخابات کے مرحلے میں عوام سے جو وعدے کئے گئے ان کی تکمیل پر کام آگے بڑھ سکے-