مودی کسی بھی غیر بی جے پی حکومت کو کام کرنے نہیں دے رہے ہیں ملک میں صورتحال ایمرجنسی سے بھی زیادہ بدترین-حیدرآبادمیں کے سی آر، کجروال اور بھگونت مان کی مشترکہ پریس کانفرنس

RushdaInfotech May 28th 2023 urdu-news-paper
مودی کسی بھی غیر بی جے پی حکومت کو کام کرنے نہیں دے رہے ہیں  ملک میں صورتحال ایمرجنسی سے بھی زیادہ بدترین-حیدرآبادمیں کے سی آر، کجروال اور بھگونت مان کی مشترکہ پریس کانفرنس

حیدرآباد-27مئی (یواین آئی)قومی دارالحکومت میں انتظامی خدمات پر مرکز کے آرڈیننس کے خلاف حمایت حاصل کرنے کیلئے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجروال نے آج تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ سے حیدرآباد میں ملاقات کی-ان کے ساتھ پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان بھی موجود تھے -یہ ملاقات وزیراعلیٰ کے کیمپ آفس پرگتی بھون میں ہوئی-بعد ازاں کجروال اور مان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چندرشیکھرراؤ نے کہاکہ وزیراعظم مودی کو چاہئے کہ وہ اس آرڈینس سے دستبرداری اختیار کرے -یہ صورتحال ایمرجنسی سے بھی زیادہ بدترین ہے -اندراگاندھی نے بھی الہ آباد کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ایسا ہی کیا تھا-انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی بی آرایس عاپ کی اس معاملہ میں حمایت کرے گی-ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ بی جے پی اپنی آنکھیں کھولے گی اور اصلاحی اقدامات کرے گی-عاپ کی حکومت دہلی کے عوام کا خیال رکھ رہی ہے جبکہ مودی حکومت عوام کی توہین کررہی ہے -مرکز کسی بھی عوامی منتخب حکومت کو کام کرنے نہیں دے رہا ہے -مرکزی حکومت دہلی حکومت کو کام کرنے نہیں دے رہی ہے -مودی کو زرعی قوانین کی طرح اس آرڈیننس سے دستبردار ہونا چاہئے -ان کی پارٹی آرڈیننس کے خلاف لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں آواز بلند کرے گی-مرکز اپنی مرضی کے مطابق کام کر رہا ہے - دہلی میں بہترین اسکیمیں نافذ کی جارہی ہیں - بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کو دہلی میں میئر کی سیٹ حاصل کرنے سے روکنے کیلئے بہت سی سازشیں کیں - ان پر الزام لگایا کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر دہلی کے میئر کی سیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی- انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیفٹیننٹ گورنر کو دہلی میں لاکر ریاستی حکومت کو پریشان کررہی ہے - کے سی آر نے کہا کہ جمہوری طور پر منتخب ریاستی حکومتوں کو دھمکایا جا رہا ہے اور انہیں کام کرنے نہیں دیا جا رہا ہے - کئی ریاستوں میں، غیر بی جے پی حکومتیں کئی حوالوں سے پیچھے چل رہی ہیں - طرح طرح کے حملے کرکے دھمکیاں دے رہے ہیں - مرکز بہت سے غلط کام کر رہا ہے - حال ہی میں دہلی میں دو عجیب و غریب واقعات دیکھنے میں آئے ہیں - عاپ بہت مقبول پارٹی ہے - یہ ملک اور دنیا کو معلوم ہے - ایک پارٹی جو کجریوال کی قیادت میں سماجی تحریک کے ذریعے وجود میں آئی-اس نے ایک بار نہیں دو بار نہیں بلکہ تین بار شاندار کامیابی حاصل کی ہے -اس موقع پر کجروال نے کہا کہ یہ آرڈیننس سپریم کورٹ کے فیصلہ کی خلاف ورزی ہے -وزیراعلیٰ کے طورپر وہ صحت کے سکریٹری کا تبادلہ بھی نہیں کرسکتے -8سال کی قانونی جدوجہد کے بعد دہلی حکومت کوانصاف ملا تاہم مرکز نے 8دن میں ہی آرڈیننس اس فیصلہ کے خلاف لایا-اس ملاقات میں اس مسئلہ پر چندرشیکھرراؤ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا-انہوں نے بی جے پی کے خلاف جدوجہد میں دہلی کے عوام کی حمایت پر وزیراعلیٰ تلنگانہ سے اظہار تشکر کیا- انہوں نے کہاکہ یہ دہلی کے عوام کامسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ جمہوریت کو خطرہ کا معاملہ ہے - ان کے وزیراعلیٰ بننے کے تین ماہ بعد ہی بی جے پی حکومت نے دہلی حکومت کے تمام اختیارات چھین لئے -پورے ملک کو عدالت عظمیٰ کے فیصلہ کا پابند ہونا چاہئے تاہم مودی ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلہ کو نہیں مان رہے ہیں - یہ دہلی کے عوام کی توہین ہے -مودی کسی بھی غیر بی جے پی حکومت کو کام کرنے نہیں دے رہے ہیں -اگر کسی بھی ریاست میں بی جے پی کی حکومت نہیں بنتی ہے تو وہاں برسراقتدار پارٹی کے ارکان اسمبلی کو خریداجاتا ہے اور گورنرس کے اختیارات کا غلط استعمال کرکے حکومت کو گرایا جاتا ہے تاکہ جمہوری طورپر منتخب حکومت کو ہراساں کیاجاسکے -یہ ملک کیلئے خطرناک صورتحال ہے -ملک میں جمہوریت کو بچانے کیلئے یہ لڑائی لڑی جارہی ہے -پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ آج نیتی آیوگ کا اجلاس طلب کیاگیا تھا تاہم آیوگ کی جانب سے قبل ازیں لئے گئے فیصلوں پر عمل نہیں کیاجارہا ہے -اس طرح کی کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی-
دہلی میں مقبول منتخب حکومت ہے تاہم مرکزی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلہ کو بھی نہیں مان رہی ہے جو افسوسناک ہے -گورنر جمہوری طورپر منتخب حکومتوں کو کام کرنے نہیں دے رہے ہیں -دہلی کے وزیراعلیٰ اس آرڈیننس کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل کررہے ہیں تاکہ ایوان بالا میں اس سلسلہ میں بل پیش کرنے پر اس کو شکست دی جاسکے -


Recent Post

Popular Links