میسور کے عازمین حج کے اعزاز میں تہنیتی و دعائیہ اجلاس

RushdaInfotech May 28th 2023 urdu-news-paper
میسور کے عازمین حج کے اعزاز میں تہنیتی و دعائیہ اجلاس

میسور:27مئی (نامہ نگار) امسال ریاستی حج کمیٹی اور پرائیوٹ ٹورس اینڈ ٹراولس سے فریضہ حج ادا کرنے کیلئے شہر میسور سے حج کے سفر پر روانہ ہونے والے عازمین کے اعزاز میں کل بعد نماز ظہر میسور کے مسجد ٹیپو ؒ کے قریب ایک تہنیتی و دعائیہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ارکان حج، زیارت مدینہ منورہ اور سفر کے دوران پیش آنے والے مسائل کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ مذہب اسلام کے پانچ فرائض میں حج سب سے آخری رکن ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس کو زندگی کے آخری ایام میں ادا کرنا چاہئے بلکہ صاحب حیثیت کو جلد از جلد اس فریضۂ کو اداکرلینا چاہئے۔موت سے پہلے اس فریضہ کا ادا کرلینا چاہئے۔بیت اللہ دنیا کا سب سے پہلا گھر ہے۔ اس مبارک گھر کو دیکھنا بھی عبادت ہے اور ثواب ہے۔بیت اللہ کو دیکھتے ہی ہر کوئی دنیا کو بھول جاتا ہے۔ہر کوئی اللہ کے گھر کی زیارت کی تمنا کرتا ہے لیکن اللہ صرف اسی خوش نصیب کو بلاتا ہے جس کے نصیب میں حج لکھا ہوتا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ دوسرے کم نصیب ہیں۔ اس لئے حج کے سفر پر روانہ ہونے والے عازمین ہم سب کے نمائندہ بن کر جاتے ہیں اس لئے انہیں چاہئے کہ وہ ہم سب کے حق میں بھی ضرور دعاء کریں، ملک حالات کافی نازک ہیں اور اسلام دشمن طاقتیں اسلام اور مسلمانوں کو ختم کرنے کی سازشیں کررہے ہیں۔ اور حال ہی میں راجستھان میں عازمین حرمین شریفین سے بھری ایک بس پر حملہ کیا گیا اور بس پر پتھراؤ کیا گیا۔ جب مسلمانوں کو پریشان کرنے کے تمام حربے ناکامیاب ہوگئے تو اب ہماری کم سن اور معصوم بچیوں کو پیار و محبت کے نام پر پھنسا نے کی منظم سازشیں کررہے ہیں۔ اس لئے مسلم والدین کو چاہئے کہ وہ اپنی بچیوں کی مکمل حفاظت کریں اور انہیں آزادنہ طور پر اکیلی گھروں کے باہر جانے سے روکیں۔ مولانا نے افسوس کا اظہار کیا کہ مسلمان جو دوسروں کی مدد کیلئے اس دنیا میں آیا تھا اب خود غرض بن گیا ہے۔ اور صرف اپنی بیوی اور بچوں کی فکر میں لگا ہوا ہے اور معاشرے کی انہیں کوئی فکر نہیں ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ ہماری سوچ کو بدلنا چاہئے اور دوسروں کی مدد کرنے کے جزبے کو پیدا کرنا چاہئے۔فریضہ حج کے موقع پر وقوف عرفات اور کعبۃ اللہ کا طواف فرض ہے جس کے بغیر حج کا سفر مکمل نہیں ہوتا۔ میدان عرفات میں دن بھر کوئی مخصوص عبادت نہیں ہے اس لئے عالم اسلام کیلئے اور ہم سب کیلئے دعاء کریں اور گڑگڑاکر اللہ سے مانگیں۔ اس جگہ کی دعاء رد نہیں کی جاتی ہے بلکہ ضرور قبول کی جاتی ہے۔ حضرت مولانا حافظ نور محمد صاحب، مدرسہ فرقانیہ، بنور، مولانا ابوبکر صدیق، پیش امام، مسجد ٹیپو ؒ، بنی منٹپ، میسور، میسور ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے سابق چیرمین شبیر احمد خان، الخالد چاری ٹیبل ٹرسٹ کے صدر محمد ممتاز احمد،اعجاز پاشاہ، سکریٹری، مسجد اللہ اکبر، سماجی کارکن ہارون رشید، شفیع اور جمشید بیگ اشرفی اور دوسری معزز شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ حضرت مولا نا محمدذکاء اللہ صدیقی کی دعاء پر تہنیتی اور دعائیہ اجلاس کا اختتام ہوا۔


Recent Post

Popular Links