Headlines

میڈل کی دہلیز پر ونیش پھوگاٹ، یوکرین کی کھلاڑی کو بھی دی مات، سیمی فائنل میں پہنچی

میڈل کی دہلیز پر ونیش پھوگاٹ، یوکرین کی کھلاڑی کو بھی دی مات، سیمی فائنل میں پہنچی

 ہندوستانی پہلوان ونیش پھوگاٹ پیرس اولمپکس 2024 میں ریسلنگ (50 کلوگرام کیٹیگری) کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں یوکرین کی کھلاڑی اوکسانا لیواچ کو شکست دی۔

نئی دہلی۔ ہندوستانی پہلوان ونیش پھوگاٹ پیرس اولمپکس 2024 میں ریسلنگ (50 کلوگرام کیٹیگری) کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں یوکرین کی کھلاڑی اوکسانا لیواچ کو شکست دی۔ ونیش نے اوکسانا کو 7-5 سے ہرایا۔ ان کا سیمی فائنل میچ آج 6 جولائی (منگل) رات 10:25 پر ہوگا۔

ونیش کھیل کے آغاز سے ہی اوکسانا پر بھاری پڑتی نظر آئیں۔ ونیش نے شروع میں ہی 4 پوائنٹس حاصل کرلئے ۔ اس کے بعد وہ لگاتار سبقت حاصل کرتی رہیں۔ انہوں نے لیواچ کو اپنے سے آگے نکلنے نہیں دیا اور بالآخر 7-5 سے جیت لیا۔

اس سے پہلے ونیش پھوگاٹ نے بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن یووی سوساکی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ منگل کو کھیلے گئے اس میچ کے آخری لمحات میں ونیش پھوگاٹ ، جاپانی پہلوان کے خلاف 0-2 سے پیچھے تھیں۔ شکست کا خطرہ منڈلا رہا تھا، پھر ہندوستانی پہلوان نے پلٹ وار کیا۔ ونیش پھوگاٹ نے میچ ختم ہونے سے 30 سیکنڈ قبل مضبوط داو لگا کر شکست کو جیت میں بدل دیا۔

ونیش پھوگاٹ اور جاپان کے یووی سوساکی کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ پہلے راؤنڈ میں صرف ایک پوائنٹ حاصل ہوا جو یووی سوساکی کے نام تھا۔ یووی سوساکی نے اسی انداز میں دوسرے راؤنڈ میں ایک پوائنٹ حاصل کیا اور 2-0 سے آگے ہو گئی۔ اس کے بعد ونیش نے اپنے تجربے کا بھرپور استعمال کیا اور آخری چند سیکنڈوں میں یووی سوساکی ٹیک ڈاون کرکے جیت حاصل کرلی ۔ ونیش پھوگاٹ نے یہ میچ 3-2 سے جیتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *