کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ کھیلوں کی دنیا کے ستاروں سے ملتے رہوں اور چیزوں کو جانتے رہوں۔ مجھے یقین ہے کہ اس بار بھی آپ ہندوستان کا نام روشن کریں گے
اولمپکس اس سال کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ اس کا انعقاد فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 26 جولائی سے 11 اگست تک کیا جائے گا۔ ہندوستان پیرس اولمپکس میں تقریباً 120 کھلاڑیوں کی ٹیم بھیج رہا ہے۔ اس بار ہندوستان کی نظریں زیادہ سے زیادہ تمغے جیتنے پر ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم نریندر مودی نے اولمپکس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے ایک بڑے گروپ سے ملاقات کی۔ اس دوران کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی گفتگو کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے اولمپکس کے پیرس جانے والے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کھیلو انڈیا کے بارے میں بھی بات کی۔ اس دوران انہوں نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا سے بھی بات کی۔ پی ایم مودی نے نیرج چوپڑا سے کہا کہ تمہارا چورما ابھی نہیں آیا، اس کے جواب میں نیرج چوپڑا نے کہا کہ اس بار چورما ضرور لائیں گے۔ تب پی ایم مودی نے کہا کہ میں تمہاری ماں کا بنایا ہوا چورما کھانا چاہتا ہوں۔ یادر ہے کہ سال 2021 میں جب نیرج چوپڑا نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا تو پی ایم نریندر مودی نے تمام کھلاڑیوں کو ناشتے پر مدعو کیا تھا، اس دوران پی ایم نے نیرج چوپڑا کو خصوصی چرما کھلایا تھا۔
کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ کھیلوں کی دنیا کے ستاروں سے ملتے رہوں اور چیزوں کو جانتے رہوں۔ مجھے یقین ہے کہ اس بار بھی آپ ہندوستان کا نام روشن کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ایسے کئی کھلاڑیوں کو جانتا ہوں جو کبھی حالات کو مورد الزام نہیں ٹھہراتے۔ محنت کرکے شہرت کماتے ہیں۔ اولمپکس سیکھنے کا ایک بہت بڑا میدان بھی ہے اور بہت سے کھلاڑی سیکھنے کے لیے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت سے طلباء حالات کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں اور اپنی زندگی میں کبھی ترقی نہیں کر سکتے۔