Headlines

ایل او سی پر آمدورفت، جماعت اسلامی سے پابندی ہٹانا، جموں وکشمیر میں پی ڈی پی کا انتخابی منشور، محبوبہ مفتی نے کئے کئی بڑے وعدے

ایل او سی پر آمدورفت، جماعت اسلامی سے پابندی ہٹانا، جموں وکشمیر میں پی ڈی پی کا انتخابی منشور، محبوبہ مفتی نے کئے کئی بڑے وعدے

محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہم مفاہمت اور بات چیت چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایل او سی کے آر پار عوام سے عوام کا رابطہ ہو۔ ہم چاہتے ہیں کہ پی او جے کے میں واقع شاردا پیٹھ تیرتھ استھل تک جانے کا راستہ کھولا جائے، تاکہ کشمیری پنڈت وہاں جا کر پوجا ارچنا کر سکیں۔

سری نگر: جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں ہفتہ کو پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے اپنی پارٹی کا منشور جاری کیا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہم مفاہمت اور بات چیت چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایل او سی کے آر پار عوام سے عوام کا رابطہ ہو۔ ہم چاہتے ہیں کہ پی او جے کے میں واقع شاردا پیٹھ تیرتھ استھل تک جانے کا راستہ کھولا جائے، تاکہ کشمیری پنڈت وہاں جا کر پوجا ارچنا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہماری پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ہم 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کریں گے۔ پرانی پنشن اسکیم کو نافذ کریں گے، بھرتی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے، کنٹریکٹ اساتذہ کے اعزازیہ میں اضافہ کریں گے، جیل میں بند لوگوں کو مفت قانونی امداد فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ مندروں، مساجد اور گرودواروں کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔ ہماری حکومت جماعت اسلامی پر سے پابندی ہٹانے اور ان کی جائیدادیں واپس کرنے کی کوشش کرے گی۔ مرکزی وزیر داخلہ سے ایل او سی کے آر پار تجارت دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کریں گے

محبوبہ مفتی نے کہا کہ آرٹیکل 370 جموں و کشمیر اور ملک کے درمیان پل تھا، جسے توڑ دیا گیا۔ بی جے پی حکومت نے علاحدگی پسندوں کو جیل میں ڈالا ہے، لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ ان کے لیڈر اٹل بہاری واجپئی اور ایل کے اڈوانی نے یاسین ملک، شبیر شاہ اور میر واعظ فاروق سے ملاقات کی تھی۔ جیل میں ڈالنا حل نہیں ہے، مسئلہ کشمیر زندہ ہے ورنہ انجینئر رشید جیت نہیں پاتے۔

‘عوام کی خواہشات’ کے عنوان سے منشور میں ‘غیر منصفانہ’ برطرفی کے معاملات کو دوبارہ دیکھنے اور حل کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ ‘غیر منصفانہ’ برطرفی سے مراد دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزام میں جموں و کشمیر کے سرکاری ملازمین کو برطرف کرنا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ریاست کی جن 24 سیٹوں کے لیے 18 ستمبر کو ووٹنگ ہونی ہے، ان سیٹوں پر پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ 27 اگست ہے۔ وہیں 25 ستمبر کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ والی 26 سیٹوں کے لیے پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ 5 ستمبر ہے۔ تیسرے مرحلے کے تحت ریاست کی جن 40 اسمبلی سیٹوں پر یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہونی ہے، ان پر پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ 12 ستمبر ہے۔

لیکشن کمیشن کے مطابق جموں و کشمیر کے 90 حلقوں میں 87.09 لاکھ ووٹر ہیں جن میں سے 42.6 لاکھ خواتین ہیں۔ یہاں پہلی بار نوجوان ووٹروں کی تعداد 3.71 لاکھ ہے، جب کہ کل 20.7 لاکھ نوجوان ووٹرز ہیں، جن کی عمر 20 سے 29 سال کے درمیان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *