حماس سے جنگ کے دوران بائیڈن آج پہنچیں گے اسرائیل، غزہ مکمل تباہی کے دہانے پر، 10 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر
حماس سے جنگ کے دوران بائیڈن آج پہنچیں گے اسرائیل، غزہ مکمل تباہی کے دہانے پر، 10 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر
تل ابیب: امریکی صدر جو بائیڈن بدھ کو یہودی اکثریتی ملک کا دورہ کریں گے تاکہ حماس کے حملے کے بعد اسرائیل کی حمایت کا اظہار کیا جا سکے۔ امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر وائٹ ہاؤس نے یہ بھی کہا کہ بائیڈن ایک سربراہی اجلاس کے لیے اردن بھی جائیں گے جہاں وہ اردن اور مصر کے سربراہان مملکت اور فلسطین کے صدر سے ملاقات کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کیرن جین پیئر نے پیر کی رات ایک بیان میں کہا، “صدر جوزف آر بائیڈن جونیئر بدھ 18 اکتوبر کو اسرائیل کا دورہ کریں گے، تاکہ اسرائیل کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کریں اور حماس کے وحشیانہ دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں اگلے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے”۔
اس کے بعد وہ اردن کے شہر عمان جائیں گے جہاں وہ اردن کے سلطان عبداللہ دوم بن الحسین، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے۔ پیئر نے کہا کہ بائیڈن اس بات کا اعادہ کریں گے کہ حماس فلسطینی عوام کے وقار اور حق خود ارادیت کے لیے کھڑا نہیں ہے اور وہ غزہ میں شہریوں کی انسانی ضروریات پر بات کریں گے۔
امریکہ غزہ پٹی میں لاکھوں لوگوں کو امدادی سامان کی فراہمی پر تعطل کو توڑنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ حماس کے گذشتہ ہفتے کے حملے کے بعد سے اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وہاں ضروری اشیاء کی قلت ہے۔ اسرائیل نے منگل کو بھی جنوبی غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہے جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔ تاہم یہ فضائی حملے اسرائیل کی جانب سے شہریوں کو شمالی غزہ سے جنوبی غزہ کی طرف جانے کی وارننگ کے درمیان ہوئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر زمینی حملہ کرنے کا امکان ہے۔