پاکستان: شہباز شریف حکومت کا جیل میں بند عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
پاکستان: شہباز شریف حکومت کا جیل میں بند عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
شہباز شریف کی زیرقیادت پاکستانی حکومت نے جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وقافی اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے ایک پریس کانفرنس کے درمیان اس بات کی معلومات دیں ۔
اسلام آباد : پاکستان سے ایک بڑی خبر سامنے آرہی ہے ۔ شہباز شریف کی زیرقیادت پاکستانی حکومت نے جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وقافی اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے ایک پریس کانفرنس کے درمیان اس بات کی معلومات دیں ۔ ان کے مطابق حکومت نے سابق صدر عارف علوی، عمران خان اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس بھی چلایا جائے گا ۔
پاکستانی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق عطا تارڑ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 9 مئی کو ملکی دفاع پر حملے کیے گئے، انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا گیا، ملک نے اگر ترقی کرنی ہے تو پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں آسکتا ہے
ادھر پی ٹی آئی کے سینئر لیڈر بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہم حکومتی فیصلے پر عمل نہیں ہونے دیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ قانون میں ایسی کوئی اجازت نہیں کہ حکومت کوکوئی پارٹی پسند نہ ہو تو وہ اس پرپابندی لگادے اور اگرکوئی سیاسی جماعت کسی دشمن ملک کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے تو اس پر پابندی کے لیے سپریم کورٹ سے اجازت لینی پڑتی ہے، سیاسی جماعتوں پرپابندی کے فیصلے ہمیشہ آمروں نے کیے ہیں کسی جمہوری حکومت نے نہیں کیے۔
پی ٹی آئی کے سینئر لیڈر نے مزید کہاکہ آرٹیکل 6 کی بات کرنے والوں نے شاید قانون نہیں پڑھا،آرٹیکل 6 کا مقدمہ نہیں بن سکتا، پارلیمنٹ میں بنائے گئے قانون کوبھی عدلیہ کہتی ہے کہ خلاف آئین ہے، کیا ان پراراکین پرآرٹیکل 6 لگے گا؟ ۔