
شہر کے پلکیشی نگرحلقہ میں کانگریس کی ووٹ چوری مخالف دستخطی مہم
بنگلورو۔3 اکتوبر (سالار نیوز) کانگریس پارٹی کی طرف سے ملک میں جاری ووٹ چوری مخالف تحریک کے حصہ کے طور پر جمعہ کے روز شہر کے پلکیشی نگر اسمبلی حلقہ میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا کی قیادت میں ایک دستخطی مہم کی شروعات کی گئی۔ اس مہم میں ریاستی وزیر برائے توانائی کے جے جارج،کونسل کے چیف وہپ سلےم احمد ، کے پی سی سی کے کارگزار صدر جی سی چندرا شیکھر، مقامی رکن اسمبلی اے سی سرینواس اور دیگر کانگریس لےڈروں نے کافی جوش وخروش سے حصہ لیا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ اس ملک کے آئین نے ایک فرد کو صرف ایک ووٹ کی اجازت دی ہے۔لیکن بی جے پی آئین سے بالاتر ہو کر ووٹ چوری کرنے میں لگی ہوئی ہے تاکہ کسی بھی طرےقہ سے اس ملک کے اقتدار پر اپناقبضہ جمائے رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس طرح کے کسی بھی حربے کو کامیاب ہونے نہیں دیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کی جمہوریت کی حفاظت کےلئے ایک انقلاب کی ضرورت ہے اس کےلئے عوام کو جڑنا ہو گا۔ سرجے والا نے کہا کہ نہ صرف شہر بنگلورو یا ریاست کرناٹک بلکہ ملک کے ہر گلی محلہ میں لوگوں کو جڑ کر ووٹ چوری کے خلاف آواز اٹھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی اشفاق اللہ خان ، بھگت سنگھ ،راج گرو، بال گنگا دھر تلک اور دیگرنے قربانیاں دے کر جس انقلاب کو زندہ کیا آ ج اس ملک میں ایسے انقلاب کی ضرورت ہے۔سرجے والا نے کہا کہ ملےکارجن کھرگے اور راہل گاندھی کی قیادت میں ووٹ چوری کے خلاف جو مہم کانگریس پارٹی نے چھیڑی ہے اس کا مقصد سیاسی نہیں ہے بلکہ وہ ملک کے آئین اور جمہوریت کو بچانا چاہتے ہیں۔ ےہ مہم لوگوں کے حق رائے دہی کی حفاظت کےلئے ہے۔ سرجے والا نے کہا کہ منظم طرےقہ سے ووٹوں کو چرایا جا رہا ہے اس کے خلاف عوام کو بیدار ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح کھلے عام ووٹ چوری کی جا رہی ہے اس کے خلاف عوام کو آواز اٹھانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری سے اس ملک کے کمزور طبقات ، چھوٹے موٹے تاجر ،قلی مزدور وغیرہ متاثر ہو ں گے ۔ ان تمام کے مفادات کی حفاظت کےلئے کانگریس پارٹی عوام کوبیدار کرنے میں لگی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کا ےہ منصوبہ ہے کہ ووٹ چوری کے خلاف کم از کم 5کروڑ دستخط ےکجا کر کے انہیں الیکشن کمیشن روانہ کرے ۔اس پروگرام میں اے آئی سی سی سکریٹری ابھیشےک دت، سابق کارپوریٹرس اے آرذاکر ،سید مجاہداور دیگرکانگریس رہنما موجود رہے۔