
پوکسو کے ملزم نے بنگلورو میں عدالت کی عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی
بنگلورو۔ 10 اکتوبر (یو این آئی) کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں جمعہ کو پوکسو معاملے کے ایک ملزم نے عدالت کی عمارت سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔پولیس نے متوفی کی شناخت گوتم ایم کے طور پر کی ہے ، جسے جنسی زیادتی کے ایک کیس کی سماعت کے لیے سٹی سول کورٹ کی عمارت میں لایا گیا تھا۔ حکام کے مطابق گوتم اچانک عمارت کے کنارے کی طرف بھاگا اور نیچے کود گیا۔اسے شدید چوٹیں آئیں اور اسے وکٹوریہ اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ملزم پہلے پارپنا اگرہارا سنٹرل جیل میں بند تھا اور عدالتی حراست میں تھا۔ ادوگوڈی پولیس نے اس کے خلاف پوکسوکے تحت معاملہ درج کیا تھا۔پولیس نے عدالت کے احاطے میں ممکنہ حفاظتی خامیوں کی بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس کے ساتھ موجود سکیورٹی اہلکاروں اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے ، رپورٹ کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔