
بیلگاوی میں ایک شخص نے بیوی کو قتل کر کے لاش بستر کے نیچے چھپا دی
بیلگاوی، 10 اکتوبر (یو این آئی): کرناٹک کے ضلع بیلگاوی میں ایک شخص نے شادی کے صرف چار ماہ بعد اپنی بیوی کو قتل کر کے لاش بستر کے نیچے چھپا دی اور فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت آکاش کمبر کے طور پر ہوئی ہے ، جس نے اپنی 20 سالہ بیوی ساکشی کمبر کو تین دن قبل قتل کیا۔یہ واقعہ اُس وقت سامنے آیا جب آکاش کی ماں گھر واپس لوٹی اور اُس نے بستر کے نیچے ساکشی کی لاش دیکھی۔ اس کے بعد انہوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔تحقیقات کرنے والے افسران نے بتایا کہ آکاش کا فون قتل کے بعد سے بند ہے ۔ قتل کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا۔ مقتولہ کے اہل خانہ نے آکاش کے خلاف جہیز ہراسانی کے الزامات کے تحت مختلف دفعات میں مقدمہ درج کرایا ہے ۔نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 کے مقابلے میں جہیز سے متعلق جرائم میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ اس دوران 15 ہزار سے زیادہ مقدمات درج کیے گئے اور 6,100 سے زائد خواتین نے اپنی جانیں گنوائیں۔پولیس نے مفرور ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔