urdu news today live

گریٹر بنگلور و اتھارٹی قانون کی تشکیل میں نمایاں رول
اتھارٹی کی پہلی میٹنگ میں رضوان ارشد کی توصیف میں قرار دار منظور
بنگلورو۔ 11 اکتوبر(سالار نیوز)شہر بنگلورو کے تقاضوں کی روشنی میں برہت بنگلورو مہا نگر پالےکے کی جگہ گریٹر بنگلور و کی تشکیل اور اس ضمن میں ایک جامع قانون کی تیاری اور اسمبلی میں اس کی منظور ی میں ریاستی حکومت کی طرف سے سب سے نمایاں کردار شیواجی نگرکے رکن اسمبلی رضوان ارشد نے ادا کیا۔ اس کا اعتراف جمعہ کی شام شہر کے کیمپے گوڑا کونسل ہال میں منعقدہ گریٹر بنگلورو اتھارٹی کی پہلی میٹنگ میں کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے گریٹر بنگلورو قانون بنانے کےلئے تشکیل دی گئی مشترکہ ایوان کمیٹی کے چیرمین رضوان ارشد کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے باضابطہ ایک قرار داد پیش کی اور میٹنگ میں شریک تمام نمائندوں نے کافی گرم جوشی کے ساتھ اس قرارداد کی تائید کی اور گریٹر بنگلورو کو شفاف ادارہ بنانے کےلئے جس محنت کے ساتھ رضوان ارشد نے جدوجہد کی اور روزانہ کی بنیاد پر کمیٹی کے اراکین اور افسروں کے ساتھ مسلسل میٹنگوں کا اہتمام کر کے جس دلچسپی کے ساتھ قانون بنانے میں اہم رول ادا کیا اس کو سراہا۔ اس قرار داد کی منظوری پر اپنار د عمل ظاہر کرتے ہوئے رضوان ارشد نے’سالار ‘ کوبتایا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے ان کو جو ذمہ داری سونپی تھی اس کو انہوں نے بخوبی پورا کرنے کی کوشش کی۔ اس کام میں ان کو کمیٹی کے سبھی اراکین اور افسروں کا تعاون ملا ۔ اس کی بدولت وہ ایک موثر قانون کامسودہ تیار کر کے حکومت کو پیش کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلورو کی موجودہ حالت میں گریٹر بنگلور و اتھارٹی اہم ترین ضرورت ہے۔ شہر بنگلورو کی بڑھتی ہوئی آبادی ، ٹرافک،بلدی مسائل اور دیگر امور کو ذہن میں رکھ کر کمیٹی نے قانون کا مسودہ تیار کیا اور اس کو منظور کرنے کے بعد اب پانچ کارپوریشنوں کا تشکیل کا حکومت نے فیصلہ لیا ہے۔ رضوان ارشد نے کہا کہ گریٹر بنگلور اتھارٹی آنے والے دنوں میں بنگلورو جیسے بڑے شہر کی ترقی میں کافی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *