رشوت خوری کسی بھی محکمہ میں برادشت نہیں کی جائے گی: پرمیشور
بنگلورو۔31 اکتوبر(سالار نیوز)رشوت خوری محکمہ پولیس میں ہو یا کسی اور محکمہ میں اس کو برداشت نہیںکیا جائے گا اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ےہ تنبےہ جمعہ کے روز وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بھارت پٹرولیم کارپوریشن کے سابق سی ای او شیو کمار کے اس بیان پر کہ ہر مرحلہ میں رشوت کی مانگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشوت ستانی کے معاملہ سے نپٹنے کےلئے حکومت کافی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہو یا کوئی بھی سرکاری محکمہ اگر وہاں رشوت طلب کی جاتی ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کرناحکومت کی ذمہ داری ہے ۔ حکومت اس ذمہ داری سے دامن نہیں چرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی موجودہ کانگریس حکومت کسی بھی صورت میں رشوت خوری کو ترغیب نہیں دے گی۔ جہاں سے بھی اس طرح کی حرکت کی کوئی اطلاع ملی ہے۔اعلی افسروں اور وزراءسے کہا گیا ہے کہ خاطیوں کے خلاف بلا مروت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کو کرپشن سے پاک کرنے کےلئے واضح رہنما خطوط تیار کئے گئے ہیں اور ہر مرحلہ میں ان کی تعمیل لازمی قرار دی گئی ہے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی کانفرنس میں وزیر اعلیٰ نے خود محکمہ کو کرپشن سے پاک کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایم اے سلیم سے کہا گیا ہے کہ وہ محکمہ پولیس میں کرپشن سے نپٹنے کےلئے سخت قدم اٹھائیں۔شیو کمار نے الزام لگایا تھا کہ ستمبر کے دوران ان کی بیٹی کی موت کے بعد اس کی لاش کو لے جانے کےلئے ایمبولنس فراہم کرنے کےلئے رشوت کی مانگ کی گئی ۔ اس شکایت کے بعد بیلندورپولیس تھانے کے سب انسپکٹر اور کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا۔

