urdu news today live

کیرالہ کے کنّور میں المناک حادثہ
کرناٹک کی الامین کالج کے تین طلبہ سمندر میں ڈوب کر جاں بحق
کنّور / بنگلورو، 3 نومبر (سالار نےوز)
کیرالہ کے ضلع کنّور کے پایمبلّم ساحل پر سیر و تفریح کے دوران کرناٹک کے تین طلبہ کے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے کا دردناک واقعہ پیش آیا۔ یہ حادثہ اتوار (2 نومبر) کو اس وقت پیش آیا جب آٹھ طلبہ پر مشتمل ایک گروپ ساحل سمندر پر سیر کے لیے گیا تھا۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت افنان احمد (26) ساکن ہولےنرسیپور، ضلع ہاسن، محمد ریحان الدین (26) ساکن بیدر، اور محمد افروز (25) ساکن ہریور، ضلع چتردرگہ کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ تینوں بنگلورو کے معروف ”الامین فارمیسی کالج“ کے ڈی فارم کے طلبہ تھے۔ذرائع کے مطابق، یہ تمام طلبہ تین روزہ سیاحتی دورے پر جمعہ کو بنگلورو سے وایناڈ کے لیے روانہ ہوئے تھے، اور ہفتہ کی رات کنّور پہنچے۔ اتوار کی صبح تقریباً گیارہ بجے وہ پایمبلّم ساحل پر پہنچے جہاں یہ حادثہ پیش آیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سب سے پہلے تین طلبہ نے سمندر میں اترنے کی کوشش کی۔ ان میں سے ایک کو تیراکی نہیں آتی تھی اور وہ ڈوبنے لگا۔ باقی دو ساتھی اسے بچانے کے لیے پانی میں کود پڑے، لیکن تیز لہریں تینوں کو اپنے ساتھ بہا لے گئیں۔ساحل پر موجود ماہی گیر اور لائف گارڈز نے شور سن کر فوری امداد پہنچائی اور افنان احمد اور ریحان الدین کو باہر نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔تیسرے طالب علم محمد افروز کی لاش دو گھنٹے کی تلاش کے بعد کنّور فائر بریگیڈ عملے نے سمندر سے برآمد کی۔پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرلی ہے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد کرناٹک روانہ کرنے کی کارروائی جاری ہے۔یہ افسوسناک حادثہ پورے تعلیمی حلقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *