فرضی بی پی ایل راشن کارڈوں کو بلا مروت منسوخ کیا جائے:وزیر اعلیٰ
بنگلورو۔10 ستمبر (سالار نیوز)وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہدایت دی ہے کہ ریاست بھر میں فرضی بی پی ایل راشن کارڈوں کو منسوخ کرنے کےلئے بلا مروت کارروائی کی جائے۔ چہارشنبہ کے روز محکمہ شہری رسد و خوراک کی پیش رفت کا جائزہ لےنے کےلئے منعقدہ میٹنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ راشن کارڈوں کی منسوخی کےلئے چلائی جانے والی مہم کے دوران مستحق خاندانوں کو کسی طرح کی دشواری نہ ہو نے پائے اس بات کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس مرحلہ میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ کی طرف سے جن فرضی بی پی ایل راشن کارڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں سے 365614کو منسوخ کر دیا گیا ہے یا ان کا زمرہ بدل دیا گیا ہے۔ اس میٹنگ کے دوران انا بھاگےہ اسکیم کے تحت چاول کے ساتھ ساتھ دیگر مقوی اناجوں کی فراہمی کےلئے ایک کٹ کی تیاری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ کو ہدایت دی کہ اس سلسلہ میں ایک تجویز پیش کی جائے۔ درج فہرست طبقات سے وابستہ افراد کےلئے نئی راشن کی دکانیں منظور کروانے کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ راشن کی جو بھی دکانیں منظور کی جائیں گی ان میں درج فہرست طبقات سے وابستہ افراد کو اولین ترجیح دی جائے گی۔خوردنی اناج لانے لےجانے والی گاڑیوں میں جی پی ایس سے جوڑنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ ریاست کے تمام اناج کے گوداموں میں سی سی ٹی وی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی زرعی کو آپریٹیو سوسائٹیز اور سیلف ہےلپ گروپوں کے ذریعے کسانوں کی کاشت کو کم از کم تائےدی قیمت کے ساتھ خریداری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یقین دلایا کہ کرناٹکا فوڈ اینڈ سیول سپلائز کارپوریشن میں مخلوعہ اسامیوں کو جلد از جلد پر کرنے کےلئے ضروری قدم اٹھائے جائیں گے۔ اس میٹنگ میں ریاستی وزیر برائے شہری رسد وخوراک کے ایچ منی اپا اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔

