urdu news today live

فنڈس کےلئے ملنے والی تجاویز کو فوری منظوری دینے محکمہ مالیات کو سدارامیا کی ہدایت
بنگلورو۔10 ستمبر (سالار نیوز)وزیر اعلیٰ سدارامیا نے چہارشنبہ کے روز ریاست کے محکمہ ہاﺅزنگ کی کارکردگی کا جائزہ لےنے کےلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا اہتمام کیا۔ اجلاس میں محکمہ کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے وزیر برائے ہاﺅزنگ ضمیر احمد خان بتایا کہ پردھا ن منتری آواس یوجنا کے تحت ریاست بھر میں 43874مکانات سمیت جملہ 47848مکانات کی تعمیر کو منظوری ملی ہے ان میں سے 13303مکانات کی تعمیر تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ باقی 25815مکانات تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان مکانات کی فراہمی جن مستحقین کو ہو رہی ہے ان کی طرف سے 134کروڑ روپے کی رقم جمع ہوئی ہے ۔ پہلے مرحلہ میں 7900مکانات پوری طرح تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسحقین کی طر ف سے جو رقم ادا کرنی ہے اس میں سے 216کروڑ روپے ابھی ادا نہیں کئے جا سکے ہیں ۔ مکانات کی تعمیر کو مکمل کروانے کےلئے باقی رقم بطور قرض ہڈکو(ہاﺅزنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کارپوریشن )سے حاصل کرنے کےلئے تجویز پیش کرنے کےلئے وزیر اعلیٰ نے ہدایت جاری کی۔ سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کی طرف سے 42ہزار مکانات کی تعمیر کروائی جا رہی ہے۔ ےہاں سڑک سمیت دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کےلئے رقم درکار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اس کےلئے ضروری گرانٹ فراہم کیا جائے گا۔ امبیڈکر ہاﺅزنگ اسکیم کے بارے میں میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس اسکیم کے تحت جملہ94939مکانات کی تعمیر کی جا ری ہے ان میں سے 56682مکانات کی تعمیر کے کام الگ الگ مراحل میں جاری ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اس مرحلہ میں ریاست کے محکمہ مالیات کو ہدایت دی کہ محکمہ کی طرف سے ہاﺅزنگ اسکیموں کے تحت مکانات کی فراہمی کےلئے جو بھی گرانٹ کی تجویز موصول ہو تی ہے اس کو فوری طور پر منظور کیا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی ان تمام تجاویز کو حکومت کی طرف سے منظوری دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *