چےتا پورمیں آر ایس ایس روٹ مارچ کی اجازت کامعاملہ
ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ سے ایک ہفتہ کی مہلت لے لی
بنگلورو۔7 نومبر (سالار نیوز)کلبرگی کے چےتا پورمیں آر ایس ایس کی روٹ مارچ نکالنے کےلئے اجازت دینے کے معاملہ میں ریاستی حکومت نے فیصلہ کرنے کےلئے ہائی کور ٹ سے ایک اور ہفتہ کی مہلت مانگی ہے۔ جمعہ کے روز عدالت میں سماعت کے دوران ریاستی حکومت کی طرف سے گزارش کی گئی کہ اس کو ایک ہفتہ کی مہلت دی جائے ،اس کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت کو 13نومبر تک ملتوی کر دیا۔ آر ایس ایس کی وکیل ارون شام نے کہا کہ 5 نومبر کو اس سلسلہ میں بنگلورومیں منعقدہ امن میٹنگ کو فریقوں نے کافی سود مند قرار دیا۔ آر ایس ایس اور حکومت کی طرف سے وکیلوں نے اپنے دلائل پیش کئے۔اس کے جواب میں ریاست کے ایڈوکیٹ جنرل ششی کرن شیٹی نے کہا کہ امن میٹنگ کامیاب رہی ۔ تاہم آر ایس ایس کے علاوہ اس علاقے میں مارچ نکالنے کےلئے مزید 11عرضیاں موصول ہوئی ہیں اس لئے ان تمام پر فیصلہ کرنے کےلئے ریاستی حکومت کو ایک ہفتہ کا وقت درکار ہے۔عدالت نے اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔

