مستحقین میں مکانات کی تقسیم کےلئے سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کی تیاریاں زوروں پر
ریاست بھر میں رواںماہ46ہزار مکانات کی فراہمی ہو گی: ضمیر احمدخان
بنگلورو۔7 نومبر (سالار نیوز)ریاستی محکمہ ہاﺅزنگ کی طرف سے رواں مہینے کے دوران مستحقین میں 46ہزار سے زائد مکانات کی تقسیم کے سلسلہ میں جمعہ کے رو ز ریاستی وزیربرائے ہاوزنگ ، اقلیتی بہبودواوقاف ضمیر احمد خان نے کرناٹکا سلم ڈیولپمنٹ بورڈ میں ایک مشاورتی میٹنگ کا اہتمام کیا۔ اس میٹنگ میں سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیرمین اور رکن اسمبلی ابیا،محکمہ ہاﺅزنگ کے اعلیٰ افسرموجود تھے۔ میٹنگ میں ریاست بھر میں سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کی طرف سے زیر تعمیر مکانات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ضمیر احمد خان نے تمام اضلاع میں تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں اور افسروں کو ہدایت دی کہ مقررہ مدت کے اندر تعمیراتی کاموں کو پورا کرنے کےلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں اس سے قبل مارچ 2024کے دوران محکمہ ہاﺅزنگ کی طرف سے 36ہزار مکانات مستحقین میں بیک وقت تقسیم کئے گئے اس کے بعد اب مزید 46ہزار مکانات کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ہاﺅزنگ اسکیموں کے تحت ریاست بھر میں 1.80لاکھ سے زیادہ مکانات کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا پہلے مرحلہ میں 36ہزار مکانات کی تقسیم ہو چکی ہے۔ دوسرے مرحلہ میں تقسیم کےلئے مزید 46ہزار مکانات کی تکمیل قطعی مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہدایت دی ہے کہ مستحقین میں جو مکانات تقسیم کئے جا رہے ہیں مکانات دینے سے پہلے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا کام بھی پورا کر دیا گیا ہو ۔ ضمیر احمد خان نے تمام اضلاع کے افسروں کو ہدایت دی کہ اس با ت کو یقینی بنائیں کے مکانات کی تعمیر کا کام معیاری ہو اور ساتھ ہی جن علاقوں میں مکانات کی تقسیم کی جا رہی ہے وہاں بنیادی سہولتوں بشمول پانی، بجلی ،ڈرینیج نظام وغیرہ کا کام بھی پورا ہو چکا ہو ۔انہوں نے کہا کہ ان کاموں میں کسی بھی طر ح کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام اضلاع میں مکانا ت کی تعمیر اور بنیادی سہولتو ںکی فراہمی بروقت مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے ضمیراحمد خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا کی طرف سے تاریخ ملنے کے بعد ان مکانات کی تقسیم کے پروگرام کو قطعیت دے دی جائے گی۔

