ایمپائر ہوٹل کا چکن کباب انسانی استعمال کےلئے محفوظ نہیں
فوڈ سیفٹی اسٹانڈرڈ لیاب میں انکشاف کے بعد ہوٹل کو نوٹس جاری
بنگلورو۔26 جولائی(سالار نیوز)ریاستی فوڈ لیبارٹری، پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کی ایک لیبارٹری کی رپورٹ کے بعد بنگلورو کے مشہور ایمپائر ریسٹورنٹ مشکل میں آ گیا ہے، محکمہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایمپائر ہو ٹل کے گاندھی نگر آو¿ٹ لیٹ پر فروخت کئے جانے والا چکن کباب انسانی استعمال کےلئے غیر محفوظ ہے۔فوڈ سیفٹی آفیسر امبریش گوڈا کے ذریعہ کئے گئے معائنہ کے بعد فوڈ سیفٹی افسروں کی طرف سے عوام کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا ہے، افسروں نے27جون کو آنند را سرکل کے قریب ایمپائر کے آو¿ٹ لیٹ سے 2کلو گرام چکن کباب کے نمونے(ہر ایک کے 500گرام کے چار پیکٹ) اکٹھے کئے۔اس کے بعد نمونے جانچ کےلئے بھیجے گئے۔ 11جولائی کوسامنے آنے والے ٹسٹ کے نتائج نے انکشاف کیا کہ چکن کباب فوڈ پروڈکٹ اسٹینڈرڈز اینڈ فوڈ ایڈیٹیو ریگولیشنز، 2011کے تحت بیان کردہ مطلوبہ حفاظتی معیارات پر پورا نہیں اترے۔اس کے جواب میں، بی بی ایم پی کے فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (نارتھ زون)نے ریسٹورنٹ کو ایک باضابطہ نوٹس جاری کیا ہے، جس میں انہیں جواب دینے کےلئے 30دن کا وقت دیا گیا ہے۔ ریستوراں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کھانے کے نمونے کے دوسرے حصہ کو سی ایف ٹی آر آئی، میسور میں دوبارہ جانچ کروا سکتے ہیں۔ایمپائر چین آف ہوٹلس کے چیف آپریشنز آفیسر شاکر نے بتایا کہ ہمیں ایف ایس ایس اے آئی کی طرف سے جاری کردہ نوٹس موصول ہوا ہے۔ ہم اس معاملہ کی تفصیلات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے، میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ اب ہم نے اپنے کبابوں میں فوڈ کلرنگ کا استعمال بند کر دیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ کی طرف سے ایمپائر کی شیواجی نگر، ملیشورم، مہادیو پورا، گاندھی نگر، بومن ہلی اور ہےبال کی شاخوں سے بھی چکن کباب کے نمونے یکجا کئے گئے لیکن خامی صرف گاندھی نگرکے نمونوں میں پائی گئی ۔

