تمل ناڈو حکومت نے
نئی تعلیمی پالیسی جاری کی
چنئی،8اگست(ایجنسی)تمل ناڈو حکومت نے آج مرکزی حکومت کی قومی تعلیمی پالیسی(این ای پی)کے خلاف اپنی نئی تعلیمی پالیسی جاری کر دی۔ اس کے تحت اسکولوں میں 2 لسانی فارمولہ انگریزی اور تمل نافذ کیا جائے گا۔ نئی تعلیمی پالیسی تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے جاری کی۔ ریاستی حکومت نے مرکز پر این ای پی کے ذریعہ ریاست میں ہندی تھوپنے کا الزام عائد کیا تھا، جس کی مخالفت میں یہ نئی تعلیمی پالیسی جاری کی گئی ہے۔اس موقع پر وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے سرکاری اسکولوں کے ان 901 طلبا کو اعزاز بخشا جنھوں نے آئی آئی ٹی، این آئی ٹی اور دیگر سرکردہ یونیورسٹیوں سمیت اہم اداروں میں داخلہ حاصل کیا ہے۔ انھوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال تمل ناڈو میں بارہویں امتحان پاس کرنے والے 75 فیصد طلبا نے اعلی تعلیم کے لیے رجسٹریشن کرایا اور آنے والے سالوں میں اس تعداد کو 100 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

