اقلیتی بہبود کے اسکالرشپس اور ہاسٹل میں داخلوں کےلئے آن لائن درخواستوں کا آغاز
اقلےتی طلباءکو اوپن یونیورسٹی میں داخلوں کی سہولت خوش آئند: ضمیر احمد خان
بنگلورو۔13جون (سالار نیوز)وزیر برائے ہاوزنگ اقلیتی بہبود اور اوقاف ضمیر احمد خان نے رواں سال کےلئے ڈائرکٹوریٹ آف مائٹارٹیز کی مختلف اسکیموں کےلئے آن لائن درخواست کے عمل کا باضابطہ آغاز کیا۔ ان میں اوپن یونیورسٹی کے داخلے، ہاسٹل میں داخلے، مسابقتی امتحانات کی کوچنگ، اور اسکالرشپ شامل ہیں۔ اس موقع پراپنے خطاب میں وزیر موصوف نے کہا کہ پہلی بار اقلیتی برادریوں کے طلبا اوپن یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کر سکتے ہیں اور گھر بیٹھے اپنی ڈگری کی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ درخواستوں کی آخری تاریخ 15 ستمبر ہے اور اس اسکیم کے تحت تقریباً 4,000 طلبا کو جگہ دی جائے گی۔ اس اقدامکےلئے تقریبا 5.5 کروڑ روپے مختص کئے جا رہے ہیں۔پہلی بار ڈائریکٹوریٹ کے تحت تمام 368 پوسٹ میٹرک ہاسٹلز میں داخلے کےلئے سال بھر میں درخواستیں قبول کی جا رہی ہیں۔ نشستیں میرٹ کی بنیاد پر مختص کی جائیں گی۔مزید برآں آئی اے ایس ، کے اے ایس اور دیگر مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کےلئے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں، جس کے لیے 20 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔اس موقع پر اقلیتی ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر جیلانی موکاشی نے کہا کہ طلبا کو پری میٹرک، پوسٹ میٹرک، پی ایچ ڈی، آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور یہاں تک کہ بیرون ملک تعلیم کے کےلئے بھی کل 305 کروڑ روپے کے اسکالرشپ اور فیس کی واپسی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کی سکریٹری سلمیٰ فہیم بھی موجود تھیں۔

