حکومت کے دوسال کی تکمیل پر ہوسپےٹ میں بہت بڑا پروگرام
3لاکھ سے زائد لوگوں کی شرکت متوقع، سدارامیا اور ڈی کے شیو کمار نے تیاریوں کا جائزہ لیا
ہوسپےٹ۔16 مئی(سالار نیوز) ہوسپےٹ میں کرناٹک حکومت کے دوسال کی تکمیل کے سلسلہ میں ایک بہت بڑا پروگرام 20مئی کو منعقد ہو رہا ہے جس میں تین لاکھ سے زیادہ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ ےہ بات جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہی۔ ہوسپےٹ میں اس جلسہ گاہ پر تیاریوں کا جائزہ لےنے کے بعد اخباری کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار، ضلع انچارج وزیر ضمیر احمد خان ، وزیر قانون اےچ کے پاٹل اور دیگرکے ہمراہ انہوں نے اس پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ہدایت دی ہے کہ اس پروگرام کا اہتمام منظم طرےقہ سے کیا جائے۔ ریاستی حکومت کی پانچ گیارنٹی ااسکیموں کے نفاذ کےلئے فنڈس کی قلت کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ ریاستی بجٹ میں گیارنٹی اسکیموںکےلئے الگ سے فنڈس مہیا کروائے گئے ہیں اس لئے اس میں کسی طرح کا کمی کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ گیارنٹی اسکیموں کے فوائد مستحقین کو ملنے میں تاخیر کی شکایتو ں پر سدارامیا نے کہا کہ اگر ایسی کوئی شکایت ہے تو اس کاازالہ کیا جا سکتا ہے مگر ےہ کہہ دینا کہ اسکیموں کے نفاذ کےلئے فنڈس نہیں ہے درست نہیں۔ گریٹر بنگلورو کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ شہر بنگلورو کے انتظامےہ کو بہتر بنانے کے مقصد سے گریٹر بنگلورو قانون لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلورو کا رقبہ اور آبادی میں کافی اضافہ کے بنیاد پر سابقہ بی جے پی حکومت میں اس وقت کے وزیر سریش کمار نے بنگلورو کو تقسیم کرنے کی تجویز رکھی تھی موجودہ حکومت اسی کی بنیاد پر گریٹر بنگلورو بنانا چاہتی ہے۔ اب بی جے پی اس کی مخالفت کس بنیاد پر رک رہی ہے وہ سمجھ سے باہر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر بنگلورو کا رقبہ 750کلومیٹر سے زیادہ ہے اس شہر کی آبادی 1.5کروڑ رسے متجاوز ہو چکی ہے۔ ایک بلدی ادارہ کے تحت اتنا بڑا شہر چلانا مشکل ہے۔ اس کا احساس کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے ایک سے زیادہ بلدی ادارے قائم کرنے کا ارادہ کیا اورگریٹر بنگلور وقانون پاس کروایا ہے۔ گنگا وتی کے رکن اسمبلی جناردھن ریڈی کو نا اہل قرار دے دئےے جانے کے سبب اس حلقہ کےلئے ہونے والے ضمنی انتخاب میں کانگریس کی جیت کا یقین ظاہر کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ اس حلقہ سے پارٹی کے امیدوار کا فیصلہ کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے جلد ہی کیا جائے گا۔

