مئی 30اور31کوبنگلورمےں ”پروڈکشن منتھن“ کانفرنس :اےم بی پاٹل
بنگلور۔5مئی (سالارنےوز)بڑی اور درمیانی صنعتوں کے وزیر ایم بی پاٹل نے اس ماہ کے آخر میں دو دن یعنی 30 اور 31 مئی کو بنگلورو میں منعقد ہونے والے ”پروڈکشن منتھن“ کی ابتدائی تیاریوں کے بارے میں بتایا۔اےم بی پاٹل نے پیر کے روز شہر میں اعلیٰ حکام کے ساتھ میٹنگ کی۔ اہم مینوفیکچرنگ سیکٹرز اور اسٹارٹ اپس کے سی ای او اور دیگر اعلیٰ عہدیدار کرناٹک کو ”عالمی مینوفیکچرنگ ہب“ کے طور پر ترقی دینے کے وژن پر اس دو روزہ چنتن منتھن سیشن میں حصہ لیں گے۔ےہ کانفرنس سرکردہ صنعت کاروں کے ساتھ ذہن سازی کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ ایم بی پاٹل نے کہاکہ یہ ریاست کی سرمایہ کاری کی کشش اور ریاست کو چھ اہم مینوفیکچرنگ سیکٹروں میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا ایک کمپاس ہوگا۔ انہوںنے بتایا کہ صنعت کار اس کانفرنس میں ریاستی حکومت کو آٹوموبائل مینوفیکچرنگ، ایرو اسپیس اور دفاع، الیکٹرانکس سسٹم ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ، بھاری مشینری، بائیو ٹیکنالوجی، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں ریاست کی کامیابیوں کو لے جانے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں مناسب رہنمائی فراہم کریں گے۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد ریاست میں سرمایہ کاری کی کشش بڑھانے کے لئے ریاستی حکومت کے لئے سیکٹر وار بلیو پرنٹ تیار کرنا ہے۔ میٹنگ کے سلسلہ مےں یہ بھی بتایا گےاکہ صنعت کے رہنما چھ اہم مینوفیکچرنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور مینوفیکچرنگ کی سرگرمیوں کو بڑھانے کے اقدامات پر حکومت کے لئے ایک بلیو پرنٹ تیار کریں گے۔ میٹنگ میں محکمہ صنعت کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر سیلوا کمار، کمشنر گنجن کرشنا، کے آئی اے ڈی بی کے سی ای او ڈاکٹر مہیش، وزیر کے تکنیکی مشیر اروند گلگلی اور دیگر نے بھی تجاویز پیش کیں۔

