urdu news today live

محکمہ اقلیتی بہبود کے سی بی ایس ای اسکولوں میں 97 فیصد نتائج
بنگلورو۔13 مئی(سالار نیوز)ریاست کے محکمہ اقلیتی بہبود کے دائرہ اختیار میں آنے والے سی بی ایس ای اسکولوں میں پاس کی شرح 97 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ریاست بھر کے 29 اسکولوں میں سے کل 13,004 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی جن میں سے 12,065 طلبہ پاس ہوئے، جس کے نتیجے میں کامیابی کا تناسب 97.25 فیصد رہا۔ ریاستی وزیر برائے ہاوزنگ اقلیتی بہبو دواوقاف ضمیر احمد خان نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی۔سی بی ایس ای کے یہ اسکول خصوصی طور پر محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت چلتے ہیں اور صرف دو سال قبل شروع ہوئے تھے۔ پچھلے سال پاس ہونے کا تناسب 96 فیصد تھا۔ضمیر احمد خان نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے محکمہ اقلیتی بہبودکو جو بجٹ مہیا کروایا جاتا ہے اس کی بیشتر حصہ تعلیم پر صرف کرنے کےلئے ان کی سخت ہدایت کے نتیجے میں اقلیتی ڈائرکٹوریٹ کے تحت چلنے والے تمام اقامتی اسکولوں میں معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ان اسکولوں میں زیر تعلیم ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کے طلباءنے بھی شاندار نتائج حاصل کئے او ر اب سی بی ایس ای نصاب کے تحت دسویں اور بارہویں جماعت کے بچوں نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقلیتی اقامتی اسکولوں میں معیاری تعلیم اور بہترین نتائج کے سبب ان میں داخلہ لےنے کی مانگ میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ان اسکولوں میں دستیاب 12ہزار کے قریب سیٹوں میں داخلہ کےلئے کروائے گئے انٹرنس امتحان میں 41ہزار سے زیادہ بچوں نے حصہ لیا ۔ انہوں نے اس کامیابی پر اقلیتی ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر جیلانی موکاشی ، دیگر افسروں عملہ اور ان اسکولوں کے اساتذہ کو بھی مبارکباد دی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *