
کرشنااوربھےماندےوں مےں تلاطم سے شمالی کرناٹک زےرآب
سےلاب متاثرےن کےلئے فوری امدادی کارروائیوں کا آغاز۔وزیراعلیٰ آج کلبرگی ضلع کادورہ کرےں گے
بنگلور۔29 ستمبر(سالارنےوز) کرشنا اور بھیما ندیوں میں شدید طغیانی کے باعث شمالی کرناٹک کے کئی اضلاع میں آنے والے سیلاب نے معمولاتِ زندگی کو درہم برہم کردےا ہے۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ سدارامیا نے ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزیراعلیٰ منگل 30 ستمبر کوبذات خود کلبرگی ضلع کا دورہ کریں گے، جہاں وہ متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد ضلعی افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ بھی کریں گے۔ اس ضمن میں وجئے پورہ، کلبرگی، بیدر اور یادگیر کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ذاتی طور پر موقع پر موجود رہیں اور راحت کاری کی نگرانی کریں۔وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، ضلع کے انچارج سیکریٹریز، محکمہ دیہی ترقی کے سکریٹری، اور آبی وسائل محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو بھی متاثرہ علاقوں کے دورے کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ انسانی جانوں اور مویشیوں کے نقصان سے بچنے کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ متاثرین کے لیے نگہداشت کے مراکز (رےلےف کےمپ) کے قیام اور مویشیوں کے لیے چارہ مہیا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ وزیرمحصولات کرشنا بائرے گوڈا نے چیف سکریٹری شالنی رجنیش کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست گیر سطح پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مہاراشٹرا کے اجنی اور نیرا آبی ذخائر سے پانی چھوڑے جانے کے سبب کلبرگی ضلع کے بینیٹورا علاقے میں بھیما ندی کے کنارے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ادھر رےاستی وزراءایشور کھنڈرے اور رحیم خان نے اتوار کی شام وزیراعلیٰ سے ملاقات کر کے سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا اور فضائی جائزے کے ساتھ خصوصی مالیاتی پیکیج کی درخواست کی ہے۔مرکزی حکومت کی جانب سے بھی تعاون کا عندیہ دیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارسوامی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکز، کرناٹک کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور تمام ممکنہ امداد فراہم کی جائے گی۔ریاستی بی جے پی نے بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جو پیر سے متاثرہ علاقوں کا دورہ شروع کررہی ہےں۔شمالی کرناٹک کے عوام کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ریاستی و مرکزی حکومتیں، مل کر متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ وزیراعلیٰ کے دورے اور ہنگامی اقدامات سے توقع کی جا رہی ہے کہ صورتحال پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
سےلابی صورتحال