ساحلی کرناٹک کے لیے الگ سیاحت پالیسی متعارف کرائی جائے گی: ڈی کے شیوکمار
بنگلور۔22نومبر(سالارنےوز) ریاست کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمارنے اعلان کیا ہے کہ حکومت ساحلی کرناٹک کے لیے خصوصی سیاحت پالیسی تیار کر رہی ہے، تاکہ ساحلی اضلاع کی فطری خوبصورتی، مذہبی مقامات اور سمندری معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیری کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے بھی نئے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔شیوکمار ہفتے کے روز بنگلور کے ہببال روڈ پر واقع ویٹرنری کالج میں عالمی یومِ ماہی گیری اور مچھلی میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں ماہی گیروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاآپ لوگ گنگا کے بیٹے ہیں۔ پانی میں محنت کر کے معاشرے کی خدمت کرتے ہیں۔ آپ کا پیشہ عزت والا ہے اور ریاست آپ کی ترقی کے لیے پ±رعزم ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ایک لاکھ سے زیادہ تالابوں کو دوبارہ پانی سے بھرنے کا کام مکمل کر لیا ہے، اور ان میں ماہی گیری کی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے تالاب کمیونٹی سوسائٹیوں کے حوالے کیے جائیں گے، جبکہ بڑے تالاب نیلامی کے ذریعے ماہی گیر برادری کے لیے دستیاب ہوں گے۔انہوں نے کہامچھلی پکڑنا صرف محنت نہیں بلکہ دانشمندی، صبر اور حوصلے کا پیشہ ہے۔ کبھی کبھی کئی دن مچھلی ہاتھ نہیں آتی، لیکن یہی اس کام کی اصل آزمائش ہے۔تقریب میں وزیراعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار دونوں ایک ہی اسٹیج پر موجود تھے۔