میسور میں قائم ہو گا ملک کا پہلا سلک میوزیم
بنگلورو۔13 نومبر (سالار نیوز) ملک میں ریشم کی بھرپور تاریخ اور کاریگری کو اجاگر کرنے کےلئے ہندوستان اپنا پہلا ریشم میوزیم میسور میں قائم کرے گا۔شہر میسور اس کی ریشم کی ساڑیوںکےلئے کافی مشہور ہے۔سنٹرل سلک بورڈ کی نیشنل سلک ورم سیڈ آرگنائزیشن کی ڈائرکٹر ڈاکٹر منتھیرا مورتی نے کہا کہ میسور میں سلک میوزیم ریشم کی پیداوار کے بارے میں تفصیلی نمائشیں پیش کرے گا، جس میں یہ بھی شامل ہے کہ دھاگے کو پیوپا مرحلے سے کیسے حاصل کیا جاتا ہے اور اسے کپڑے میں کیسے بنایا جاتا ہے۔یہ پہلا اور منفرد میوزیم ہوگا۔ اس پر کام کرنے کےلئے ایک مخصوص ٹیم تعینات کی جا رہی ہے۔ ٹینڈرز کو حتمی شکل دینے کے بعد پروجیکٹ کی کل لاگت کا پتہ چلے گا۔ میوزیم میسور میں سنٹرل سلک بورڈکے مرکز میں قائم کیا جائے گا، جو 120 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے۔اس منصوبے نے پہلے ہی رفتار پکڑ لی ہے، سلک بورڈکے حکام چین اور اٹلی میں ریشم کے عجائب گھروں پر تحقیق کر رہے ہیں تاکہ بین الاقوامی بہترین طریقوں اور مجموعوں کے بارے میں اپنی سمجھ کو گہرا کیا جا سکے۔ ٹیم ہندوستان بھر میں ریشم پیدا کرنے والی ریاستوں اور مقامی کسانوں سے روایتی اور وراثتی ریشم کی اشیا ءکا مجموعہ بھی مرتب کر رہی ہے۔وزارت سیاحت کے ذریعے پروموٹ کئے جانے والے اس منصوبے پر مبینہ طور پر آئندہ مالی سال میں بنیادی کام شروع ہو جائے گا اور اسے دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔مکمل ہونے کے بعد، میوزیم مستند ریشم بمقابلہ نقلی اقسام کی شناخت کےلئے تعلیمی معلومات بھی پیش کرے گا۔کرناٹک، جو کہ ہندوستان کی کل ریشم کی پیداوار میں تقریبا 32 فیصد کا حصہ دیتا ہے،ےہ ریاست اس صنعت میں سرفہرست ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ خطہ 11,526 سیریکلچر کرنے والوں کا مسکن ہے، جہاں 148,000 سے زیادہ کسان اور 6,700 ریلرز ریشم کی پیداوار میں مصروف ہیں۔ریاست میں ریشم کی پےداوارکی جڑیں ٹیپو سلطان کے دور میں تلاش کی جا سکتی ہیں جنہوں نے اس صنعت کو فروغ دیا۔ نافوں کی پیداوار کرنے والے بڑے علاقوں میں چکبالا پورہ، کولار، رام نگر، منڈیا، میسور، چامراج نگر، اور بنگلورو دیہی شامل ہیں۔