سلم بورڈ کی طرف سے مکانات کی فراہمی میں پیش رفت
ضمیر احمد خان نے چیرمین پرساد ابیّا کے ساتھ جائزہ لیا
بنگلورو۔21نومبر (سالار نیوز)شہر بنگلورو میں موجود مختلف سلم علاقوں کی ترقی اورسلم بورڈ کی طرف سے مختلف مقامات پر نئی عمارتوں کی تعمیر اور ان کی تکمیل کے بعد مستحقین میں مکانات کی تقسیم کی تیاریوں کا جمعہ کے روز ریاستی وزیر برائے ہاﺅزنگ اقلیتی بہبود واوقاف ضمیر احمد خان نے جائزہ لیا۔ کرناٹکا سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیرمین اور دھارواڑ کے رکن اسمبلی پرساد ابیّا اور دیگر اعلیٰ افسروں کی موجودگی میں ہوئی اس میٹنگ میں عنقریب مستحقین میں سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کی جانب سے 43ہزار مکانات کی تقسیم کےلئے جاری تیاریوں کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ ضمیر احمد خان نے کہا کہ 2024کے دوران 36789مکانات کی ریاست بھر میں تقسیم کی جا چکی ہے اس کے بعد مزید 43ہزار مکانات کی تقسیم کی تیاری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلم ڈیولپمنٹ بور ڈ کی طرف سے مختلف ہاﺅزنگ اسکیموں کے تحت ریاست بھر میں 1.80لاکھ مکانا ت کی تعمیر کا کام مختلف مراحل میں ہے۔ ان میں سے 36ہزار مکانات کو تقریباً دیڑھ سال قبل تقسیم کر دیا گیا اور اب وہاں لوگ آباد ہیں ۔ بورڈ کی طرف سے رواں ماہ کے دوران ہی 43ہزار مکانا ت کی تقسیم کی تیاری چل رہی ہے۔ اس کے بعد مرحلہ وار باقی مکانات کو بھی مستحقین میں تقسیم کر دیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں محکمہ ہاﺅزنگ کے سکریٹری منوج جین اور دیگر افسر موجود تھے۔