جنسی ہراسانی کیس میں سابق وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کو دھکا
زیریں عدالت کے سمن کو روکنے سے ہائی کورٹ نے کیا انکار
بنگلورو۔13 نومبر (سالار نیوز) نابالغ لڑکی پر جنسی مظالم کے الزامات کا سامنا کرنے والے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کو جمعرات کے روز اس وقت زبردست دھکا پہنچا جب اےڈی ےورپا کے خلاف کیس کو آگے بڑھاتے ہوئے ان کے نام سمن جاری کرنے کے زیریں عدالت کے اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کی گئی عرضی کو کرناٹک ہائی کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔عدالت کے اس فیصلہ سے اب سابق وزیر اعلیٰ کو اس کیس کی سماعت کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔ایڈی یورپا، ایم ارون ، ایم ردریش اور جی مری سوامی کی طرف سے دائر عرضیوںکی سماعت مکمل کرتے ہوئے جسٹس ایم آئی ارون نے پہلے ہی اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا ۔ جمعرات کے روز انہوں نے اس فیصلہ کا اعلان کیا جس کے تحت سابق وزیر اعلیٰ کو راحت دینے سے صاف انکار کر دیا گیا ۔ اس معاملہ میں ایڈی یورپا کو ملزم قرار دیتے ہوئے زیریں عدالت نے ان کے نام سمن جاری کیا تھا ۔ اس کو چیلنج کرتے ہوئے ایڈی یورپا اور دیگرنے ہائی کور ٹ سے رجوع کیا تھا اور کہا تھا کہ ایسے معاملات میں جن سے ان کا تعلق نہیں ہے ان کو بلا وجہ طلب نہ کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے ایڈی یورپا کی عرضی کو نپٹا تے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ کے خلاف عرضی گزار اعلیٰ عدالت سے رجوع ہونے کےلئے آزاد ہیں ۔