کرناٹک کے حاجیوں کی مدد کےلئے مکہ میں 200رضاکاروں کی ٹیم قائم
دورا ن حج مکہ اور دیگرمقامات مقدسہ میں ےہ ٹیم دن رات کام کرے گی: ذوالفقار ٹیپو
بنگلورو۔15 نومبر (سالار نیوز) حج 2026کےلئے کرناٹک سے جانے والے حجاج کرام کی مکہ مکرمہ میں خدمت اور ان کی مقامات مقدسہ پر رہنمائی کےلئے تقریباً200رضاکاروں کی ایک ٹیم بنائی گئی ہے۔ ٹیم میں شامل رضاکاروںنے جمعرا ت کے رو ز مکہ مکرمہ میں کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین ذوالفقار احمد خان ٹیپو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد ٹیپو نے بتایا کہ اس ٹیم کی طرف سے ماضی میں بھی حرم شریف اور مکہ مکرمہ میں دیگر مقامات مقدسہ میں کرناٹک کے عازمین کی خدمات انجام دی جا رہی ہیں تاہم اس بار ٹیم کو مربوط شکل میں خدمات انجام دینے کےلئے انتظامات پر بات چیت کی گئی ہے۔ مکہ مکرمہ میں وہ عمارتیں جہاں کرناٹک کے عازمین حج کا قیام ہو گا وہاں اور ساتھ ہی ایام حج کے دوران منیٰ و دیگرمقامات مقدسہ میں کرناٹک کے عازمین کی رہنمائی کےلئے ےہ نوجوان سعودی حکام کی اجازت کے ساتھ دن رات متعین رہیں گے۔ تقریباً 200رضاکاروں کی ٹیم میدان میں اتر کر حجاج کرام کی مدد اور رہنمائی کےلئے کام کرنے پر آمادہ ہے۔ اس ٹیم میں افروزخان ، فیضان خان کاشف کامران خان اور فضل شامل ہیں۔ ذولفقار ٹیپو نے بتایا کہ ان نوجوانوں کو دوران حج خدمات کےلئے سہولت فراہم کرنے کے سلسلہ میں قیام مکہ کے دوران انہوں نے مکہ کے گورنر کے معاون محمد ریان سے گزارش کی کہ ان تمام رضاکاروں کو دوران حج حاجیوں کی خدمت کرنے کےلئے موقع فراہم کیاجائے۔اس موقع پر کرناٹکا اسٹیٹ حج آرگنائزرس اسوسی ایشن کے ذمہ دار ذیشان ، محمد تعظےم اللہ شریف اور دیگر موجود تھے۔