سری لنکا دورہ کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان، سوریہ کمار یادو بنے ٹی 20 کے کپتان، روہت کی واپسی
سری لنکا دورہ کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان، سوریہ کمار یادو بنے ٹی 20 کے کپتان، روہت کی واپسی
سری لنکا دورہ کے لئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سوریہ کمار یادیو کو ٹی ٹوینٹی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ روہت شرما ون ڈے سیریز سے واپسی کرکے ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔
نئی دہلی : سری لنکا دورہ کے لئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیتنے والے کئی کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی ہوگئی ہے ۔ سوریہ کمار یادیو کو ٹی ٹوینٹی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ زمبابوے کے خلاف ٹیم کی کمان سنبھالنے والے شبھمن گل نائب کپتان ہوں گے۔ روہت شرما ون ڈے سیریز سے واپسی کرکے ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔
ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف 3 ون ڈے میچوں اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ دوسری طرف ٹیم انڈیا کے کوچ کے طور پر گوتم گمبھیر کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ سری لنکا کے دورے کے لیے منتخب ہندوستانی ٹیم میں گوتم گمبھیر کی چھاپ نظر آرہی ہے۔ ہاردک پانڈیا کے دعوے کو نظر انداز کرنا اور سوریہ کمار یادو کو کپتان بنانا اس کا ثبوت ہے۔
ہندوستانی ٹیم T20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد سب سے پہلے زمبابوے کے دورے پر گئی تھی۔ زمبابوے کے دورے پر ٹیم انڈیا کی کمان شبھمن گل کو سونپی گئی تھی۔ گل کی کپتانی میں زمبابوے میں کھیلنے والی ٹیم میں صرف تین کھلاڑی تھے جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فاتح بھی ہیں۔ یہ تین کھلاڑی سنجو سیمسن، شیوم دوبے اور یشسوی جیسوال ہیں۔
ہندوستان کے 5 کھلاڑیوں نے زمبابوے کے دورے پر ڈیبیو کیا۔ ان ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں ابھیشیک شرما، ریان پراگ، سائی سدرشن، دھرو جورل اور تشار دیش پانڈے شامل ہیں۔ ان میں سے کچھ ہی کھلاڑیوں کو سری لنکا کے دورے کے لیے ٹیم انڈیا میں جگہ ملی ہے۔ باقی کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔