مدور تشدد کے خاطیوں کو پکڑا جا چکا ہے
بی جے پی اور جے ڈی ایس فرقہ وارنہ ماحول بگاڑنے کےلئے کوشاں: چلواریا سوامی
بنگلورو8۔ستمبر (سالار نیوز) مدور میں گنیش مورتی وسرجن جلوس کے دوران تشدد پر ردعمل دیتے ہوئے، وزیرزراعت چلوریا سوامی نے پیر کو کہا کہ اس واقعہ کے سلسلے میں فوری کارروائی کی گئی ہے اور 21 لوگوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اطلاع ملی تھی کہ جلوس کے دوران ایک مسجد کی طرف سے پتھرا کیا گیا تھا، انکوائری کی بنیاد پر21 گرفتار کئے گئے ہیں، ہندوو¿ں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے، واقعے کے چند گھنٹوں کے اندر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، ایسی فوری کارروائی کسی اور معاملے میں نہیں دیکھی گئی۔وزیر نے مزید کہا کہ مدور نے ماضی میں کبھی بھی ایسے واقعات نہیں دیکھے تھے اور کہا کہ تشدد کو بھڑکانے میں بیرونی لوگ ملوث ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی اور جے ڈی(ایس)کے لیڈروں پر الزام لگایا کہ وہ تحمل کی اپیل کرنے کے بجائے لوگوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم جانبدار ہوتے تو ہم 21 لوگوں کو کیوں گرفتار کرتے؟ برادری سے قطع نظر، جو بھی ملوث ہوگا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی اور جے ڈی(ایس) قائدین، سیاسی طور پر حکومت کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں، بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسمبلی میں ہمارا سامنا نہیں کر سکتے۔ وہ حکومت کے ترقیاتی کاموں کو ہضم نہیں کر پاتے، اس لیے وہ لوگوں کو مشتعل کرنے کے لیے ایسے واقعات کا استعمال کرتے ہیں ۔

