شہر کے وزراءاور اراکین اسمبلی کے ساتھ وزیر اعلیٰ کی میٹنگ
بنگلورو کے بنیادی مسائل کی یکسوئی اورشہری سہولتو ں میں سدھار کےلئے فنڈس فراہم کرنے کا وعدہ
بنگلورو۔10ستمبر(سالار نیوز)چہارشنبہ کی شام وزیر اعلیٰ سدارامیا کی صدارت میں شہر بنگلورو کے وزراءاوراراکین اسمبلی کے ساتھ ایک اہم میٹنگ ہو ئی جس میں شہر بنگلورو کی ترقی اور ےہاں کے مسائل کی یکسوئی کےلئے درکار اقدامات کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں زیر التواءترقیاتی کاموں کےلئے فنڈس کی فراہمی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے جو پانچ گیارنٹی اسکیمیں نافذ کی جا رہی ہیں ان سے شہر بنگلورو کے عوام کو زیاد ہ سے زیادہ فائدہ پہنچے ۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کو نائب وزیر اعلیٰ اور بنگلورو ضلع کے انچارج وزیر ڈی کے شیوکمار نے شہر بنگلورو کی ترقی کےلئے جاری مختلف کاموں کے بارے میںتفصیلات فراہم کیں ۔اس موقع پر وزراءاور اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں زیر التواءترقیاتی کاموں کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو آگاہ کروایا۔اس کےلئے انہوں نے حکومت اور گریٹر بنگلور واتھارٹی کے دریعے مناسب فنڈس کی فراہمی کی مانگ بھی پیش کی ۔ وزیر اعلیٰ نے ان تمام کو یقین دلایا کہ حلقو ں میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کےلئے جلد از جلد فنڈس کی فراہمی کی جائے گی۔ شہر بنگلورو میں ڈرینیج اور صفائی کے مسئلہ کو سلجھانے ،پےنے کے پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر کرنے اوربنیادی انفراسٹرکچر سے جڑے منصوبوں پر کام میں تیزی لانے پر اس میٹنگ میں اتفاق ہوا۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت اس بات کی پابند ہے کہ شہر بنگلورو کے تمام علاقوں کو بہتر سے بہتر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ شہر کی سڑکوں کے معیار کو سدھارنے کےلئے کام جنگی پےمانے پر جاری ہے ۔ جن علاقوں میں کام زیر التواءہے ان کو جلد پورا کرنے کےلئے حکام کو ہدایت جاری کی جائے گی۔ جہاں ابھی ترقیاتی کام شروع نہ ہو سکے ہیں وہاں بھی کام کی شروعات یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریان بنگلورو کے معیار زندگی کو اور بھی بہتر بنایا جائے اور عالمی سطح پر بنگلورو کو اس کی خصوصیات کے لحاظ سے جو مقبولیت حاصل ہے اس میں مزیداضافہ کرنے کےلئے ضروری تمام قدم اٹھانے کےلئے حکومت ہمہ وقت تیار ہے۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ، وزراءضمیر احمد خان ، رام لنگا ریڈی، بائرتی سریش، کرشنا بائرے گوڈا، بی ڈی اے چیرمین اور رکن اسمبلی این اے حارث ، رکن کونسل اور وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری نصیر احمد، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انجم پرویزاور دیگر اراکین اسمبلی حاضر رہے۔
محکمہ ہاﺅزنگ کے تحت مکانات کی فراہمی میں تاخیر نہ کی جائے

