urdu news today live

دھرمستھلا معاملہ میں ایس آئی ٹی 31اکتوبر تک جانچ رپورٹ پےش کردے گی: وزیر داخلہ
بنگلورو۔27 اکتوبر(سالار نیوز) وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے پیر کو کہا کہ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم(ایس آئی ٹی)سنسنی خیز دھرمستھلا کیس میں 31 اکتوبر تک اپنی رپورٹ پیش کرنے کا امکان ہے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹرپرمیشورا نے کہا کہ ایس آئی ٹی نے مطلع کیا ہے کہ وہ اکتوبر کے آخر تک رپورٹ پیش کر دے گی۔ ان سے توقع ہے کہ وہ اسے 31 اکتوبر تک پیش کر دےںگے۔ اگر اس تاریخ پر نہیں، تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک یا دو دن کے اندر جمع کر دی جائے گی۔ ہم نے ان سے جامع اور حتمی رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔ایس آئی ٹی نے کہا ہے کہ رپورٹ فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) اور کیمیائی تجزیہ کی رپورٹ حاصل کرنے کے بعد پیش کی جائے گی۔ وہ کھدائی کی گئی ہڈیوں کے تجزیہ کے نتائج کا بھی انتظار کر رہے تھے۔دریں اثنا، ایس آئی ٹی نے مہیش شیٹی تھیماروڈی، گریش متینور، اور ٹی جینت کو نوٹس جاری کیا ہے، انہیں پیر کو تفتیشی افسر کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ تینوں دھرمستھلا مندر کے حکام کے خلاف مظاہروں میں سب سے آگے رہے ہیں اور انہوں نے دھرمادھیکاری اور بی جے پی کے راجیہ سبھا ممبر ویریندر ہیگڈے اور ان کے خاندان کے ارکان کو نشانہ بنایا ہے۔ایس آئی ٹی نے سجاتا بھٹ کو بھی نوٹس جاری کیا ہے، جس نے پہلے دعوی کیا تھا کہ اس کی بیٹی، جو ایم بی بی ایس کی طالبہ ہے، دھرمستھلا میں مشتبہ حالات میں لاپتہ ہو گئی تھی اور اس کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی گئی تھی۔ بعد میں، اس نے اپنا بیان واپس لے لیا، یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ الزامات جھوٹے تھے اوراس نے معافی مانگنے کے اپنے ارادے کا اظہار کیا۔سنسنی خیز دھرمستھلا کیس کی تحقیقات کرنے والی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تحقیقات مکمل کرنے، بیانات ریکارڈ کرنے، ثبوت جمع کرنے اور متعلقہ دستاویزات جمع کرنے کے بعد اکتوبر کے آخر تک عدالت میں چارج شیٹ داخل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔مبینہ اجتماعی قتل کیس کی تحقیقات اپنے آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے، کیونکہ ایجنسی کو مندر کے حکام پر گزشتہ ایک دہائی کے دوران خواتین، لڑکیوں اور بزرگ افراد کے اجتماعی قتل کے سنگین الزامات سے جوڑنے والے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملے ہیں۔جیل میں بند شکایت کنندہ، چننیا نے اس سے قبل اپنے دعووں کی حمایت کےلئے حکام اور عدالت کے سامنے ایک کھوپڑی پیش کی تھی۔دھرمستھلا میں ایک وسیع کھدائی کی کارروائی کے بعد، ایس آئی ٹی نے چننیا کو پولیس اور عدالت کو گمراہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ ایس آئی ٹی کی طرف سے ان کارکنوں اور یوٹیوبرز کے خلاف بھی کارروائی شروع کرنے کا امکان ہے جو مندر کے حکام کے خلاف مہم میں سب سے آگے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *