اعلیٰ کما ن چاہے تو میعاد پوری کروں گا: سدارامیا
سماج میں نفرت پھےلانے والوں کو سختی سے نپٹا جائے گا: وزیر اعلیٰ
بنگلورو۔27 اکتوبر(سالار نیوز)ایسے مرحلہ میں جبکہ کانگریس کے حلقوں میں قیادت کی تبدیلی کو لے کر بیان بازی کافی زوروں پر ہے پےر کے روز وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ےہ کہہ کر سیاسی حلقوں میں ہلچل کو اورزیادہ تیز کر دیا کہ کانگریس اعلیٰ کمان اگر چاہے تو وہ پانچ سال تک وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بنے رہیں گے۔ منگلورو میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے اس سوال پر کہ کیا پانچ سال تک وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بنے رہیں گے،جواب دیا کہ کانگریس اعلیٰ کمان نے اگر چاہا تو وہ عہدے پر پوری میعاد بنے رہیں گے ۔ ریاست میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے بڑھتے ہوئے دعویداروں کے بارے میں ایک سوال پر سدارامیا نے کہا کہ جمہوریت میں اونچے عہدوں پر پہنچنے کی امید رکھنے کا ہر کسی کو حق حاصل ہے ۔ اس پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔ تاہم اس بارے میں پارٹی اعلیٰ کمان کی طر ف سے فیصلہ لیا جائے گا تو اس کی ہر ایک کو پابندی کرنی پڑے گی۔بار بار وزیر اعلیٰ کی کرسی کو لے کر میڈیا میں بحث کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ میڈیا کو بھی بار بار اسے اچھالنے سے گریز کرنا چاہئے۔ بار بار ہر حلقہ میں اگرمیڈیا کی طرف سے اس معاملہ پر بحث چھیڑی جاتی ہے تو ہر لےڈر کو اس پر کچھ نہ کچھ جواب دینا پڑتا ہے اور اسی کو میڈیا کی طرف سے اچھال کر عوام میں غلط تاثر قائم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اس سے گریز کرنے کی ضرورت ہے۔
نفر ت پھےلانے والوں پر سخت کارروائی: وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سماج میں نفرت پھےلانے والوں کو بخشا نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں امن کو بگاڑنے کے مقصد سے اشتعال انگیزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت بلا مروت کارروائی کی جائے گی۔ کلڈکا پربھاکر کی طرف سے بار بار اشتعال انگیز بیانات پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر داخل کی گئی ہے۔ انہوں نے خواتین کے بارے میں توہین آمیز بیان دیا ہے۔ دھرمستھلا معاملہ کی ایس آئی ٹی جانچ کے بارے میں ایک سوال پر سدارامیا نے کہا کہ اس جانچ میں حکومت کی طر ف سے کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی ۔ایس آئی ٹی اپنی جانچ مکمل کر کے حکومت کو رپور ٹ سونپے گی ۔اس کے بعد حکومت مناسب کارروائی کرے گی۔اخباری نمائندوں کو محکمہ اطلاعات کی طرف سے مختلف پروگراموں میں آنے جانے کےلئے گاڑیوں کی سہولت بحال کرنے کے بارے میں ایک سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس مانگ پر غور کیا جائے گا۔

