urdu news today live

سابق چیف جسٹس چندرچوڑ نے آئی آئی ٹی مدراس میں ‘ایکسیسبیلٹی ریسرچ سینٹر’ کا افتتاح کیا
چنئی، 31 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان کے سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے جمعہ کے روز انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، مدراس (آئی آئی ٹی۔ایم) میں ‘ایکسیسبیلٹی ریسرچ سینٹر(اے آر سی) کا افتتاح کیا۔ آئی آئی ٹی مدراس نے آج ایک اعلامیہ میں بتایا کہ یہ اقدام تعلیمی ماحول، پالیسی اور تعلیمی ثقافت کی طرف ایک تبدیلی کا قدم ہے تاکہ رسائی کو ایک مشترکہ ذمہ داری بنایا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ یہ تعلیمی زندگی کے مرکز میں شامل ہے ۔ اے آر سی کی بنیاد ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے شعبہ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ہیم چندرن کراہ نے رکھی ہے ۔ وہ تحقیقی مرکز کے پرنسپل تحقیق کار بھی ہیں۔ دیگر دو شریک بانی پروفیسر ساجی کے میتھیو، شعبہ مینجمنٹ اسٹڈیز کے چیئر اور پروفیسر نیلیش جے واسا، شعبہ انجینئرنگ ڈیزائن کے پروفیسر ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس چندرچوڑ نے کہا، اے آر سی کا افتتاح ادارے کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ ہے ۔ یہ تین عناصر کا مجموعہ ہے : ٹیکنالوجی، عوامی پالیسی پر گفتگو اور رسائی کے اصولوں کی جمہوریت اور اس کے ساتھ ساتھ اس میں وقار، آزادی اور مساوات کی اقدار مضمر ہیں۔انہوں نے مزید کہا، عوامی مکالمے کے ذریعے ہم اہم سوالات اٹھاتے ہیں، اقتدار کے سامنے سچ بولتے ہیں، ایک دوسرے کے ساتھ جڑتے ہیں اور مختلف تجربات سے سیکھ کر خود کو بہتر بناتے ہیں۔ لیکن معاشرتی تبدیلی کے لیے صرف گفتگو کافی نہیں۔ ہم ایک ایسی دنیا میں جی رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور کوانٹم کمپیوٹنگ، ہماری زندگی اور سوچنے کے انداز کو بدل رہی ہے ۔ ہم روزانہ ان انقلابی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔ جسٹس چندرچوڑ نے کہا، ”علم کی طاقت جو آئی آئی ٹی روایت میں سرایت کر گئی ہے انتہائی اہم ہے ، جیسا کہ معذور افراد تک رسائی فراہم کرنے کے لیے جدید علم کے ساتھ ٹیکنالوجی کا امتزاج ہے ۔” اس موقع پر آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائریکٹر پروفیسر وی۔ کامکوٹی نے ادارے کی جانب سے مرکز کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا، اگر ہمارا ملک ترقی کرنا اور فخر کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہے تو شمولیت ایک کلیدی عنصر ہے ۔ ہمیں ملک کے ہر شہری کے لیے مواقع کو جمہوری بنانا ہوگا۔ ہمارے ادارے نے ایکسیسبیلٹی کے لیے مرکز قائم کیا ہے ، وہیل چیئر اور اسکوٹر تیار کیے ہیں جو پورے کیمپس میں نقل و حمل کو آسان بناتے ہیں۔ آئی آئی ٹی مدراس نے ہندوستان کی سب سے ہلکی ایکٹیو وہیل چیئر بھی تیار اور لانچ کی ہے ۔ ہم معذور افراد کے لیے باقاعدہ کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں کے دن مناتے ہیں، جہاں ہمیں بے پناہ صلاحیتیں دکھائی دیتی ہیں۔اس تقریب میں کئی ممتاز شخصیات نے شرکت کی جنہوں نے ایک جامع تعلیمی ماحولیاتی نظام کی تعمیر کی اہمیت پر زور دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *