urdu news today live

بہار نتائج کے بعد ریاستی کابینہ میں ردوبدل کی جائے گی: سدارامیا
بنگلورو۔3 نومبر (سالار نیوز)بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج ظاہر ہوجانے کے فوری بعد کرناٹک کابینہ میں ردو بدل کے بارے میں اعلیٰ کمان سے بات کی جائے گی۔ےہ بات ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہی۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا کہ ریاست کی قیادت میں تبدیلی ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے جو ہدایت آئے گی وہی معتبر ہو گی کسی اور کا بیان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15نومبر کو وہ دہلی جانے والے ہیں اس مرحلہ میں پارٹی رہنما راہل گاندھی سے ان کی بات ہو گی جس کے بعد کابینہ میں ردوبدل کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی دورہ کے مرحلہ میں وہ پارٹی کے قومی صدر ملےکارجن کھرگے سے بھی بات کریں گے۔ ریاست کی قیادت بدلنے کے بارے میں ایک سوال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس اعلیٰ کمان کے کسی رہنما نے اس بارے میں کوئی بات نہیں کہی ہے۔ اچانک ےہ قیاس آرائیاں کہاں سے آ رہی ہیں پتہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کی طر ف سے ہی ان خرافات کو ہوا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اعلیٰ کمان کے رہنماو¿ں کی طرف سے اگر قیادت میں تبدیلی کے بارے میں کوئی بات آئے تو وہی معتبر ہے اس کے علاوہ کسی کی کوئی بات معتبر نہیں ۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی ،راہل گاندھی یا ملےکارجن کھرگے اگر اس بارے میں کہیں تو اسی وقت اسے معتبر مانا جائے گا۔ ان سب کو چھوڑ کر اگر لوگ بیان بازی کرتے رہیں تو اس کو اہمیت دینے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قیادت میں تبدیلی کے معاملہ میں زیادہ بحث میڈیا کے حلقو ںمیں ہی ہو رہی ہے سیاسی حلقوں میں اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا ہے۔ بہار اسمبلی انتخابات میں مہم چلانے کے بارے میں ایک سوال پر سدارامیا نے کہا کہ اب تک اس کےلئے ان کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ اگر بلایا جائے تو ضرور جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار یقین ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات میں انڈیا اتحاد کامیاب ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر بنگلورو میں بہار کے بہت سارے باشندے موجودہیں ان کو وطن جا کر اپنے ووٹ دینے کی گزار ش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنیش کمار بہار میں کافی عرصہ سے وزیر اعلیٰ رہے ہیں اس لئے وہاں اقتدار مخالف لہر چل رہی ہے اس کا انڈیا اتحاد کو فائدہ ضرور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات میں ووٹوں پر نظر رکھ کر مرکزی حکومت نے دس لاکھ خواتین کو دس دس ہزار روپے کی ایک وقتی رقم دے دی جبکہ کرناٹک کی حکومت گرہا لکشمی گیارنٹی اسکیم کے تحت ہرگھر کی سربراہ خاتون کو ماہانہ 2ہزار روپے دے رہی ہے۔ جو سالانہ 24ہزار روپے ہو تی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں 1.24کروڑ خواتین کو گرہا لکشمی اسکیم کے تحت ماہانہ رقم ادا کی جا رہی ہے۔ سدارامیا نے کہا کہ بہار میں غربت کافی زیادہ ہے اس لئے اس بار امید ہے کہ غریبوں کی فلاح کےلئے انڈیا اتحاد کی طرف سے جن اسکیموں کا اعلان کیا گیا ہے اس کے نتیجے میں عوام اس اتحاد کا ساتھ دیں گے۔ میسورکے ان علاقو ںمیں جو جنگلات کے قریب ہیں وہاں شیر کے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنگلوں میں انسانی چہل پہل کافی زیادہ ہو چکی ہے۔ اس وجہ سے جنگلی جانور شہروں کار خ کرنے لگے ہیں ۔وزیر جنگلات سے اس سلسلہ کو روکنے کےلئے ایک دور کی بات چیت کی ہے آنے والے دنو ں میں اس طرح کے واقعات کور روکنے کےلئے سخت قدم اٹھائے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *