urdu news today live

ووٹ چوری کے خلاف کرناٹک کے عوام کا رد عمل غیر معمولی
جمہوریت کو بچانے کانگریس رہنما راہل گاندھی کی مہم کا ریاست میں زبردست اثر: منصور علی خان
بنگلورو۔8 نومبر (سالار نیوز)شہر بنگلورواور ریاست کے مختلف اضلاع میں کے پی سی سی کی ہدایت پر ووٹ چوری کے خلاف چلائی گئی دستخطی مہم کے اعداد وشمار ہفتہ کے روز منظر عام پر لائے گئے۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے ایک مشترکہ اخباری کانفرنس کے دوران ان اعدادو شمار کا اعلان کیا۔ اس اخباری کانفر نس میں شریک اے آئی سی سی سکریٹری اور بنگلورو سنٹرل لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار منصور علی خان نے کہا کہ بنگلورو سنٹرل لوک سبھا حلقہ سے آنے والے مہا دیو پورہ میں ووٹ چوری کے معاملہ کو سب سے پہلے کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بے نقاب کیا ۔اب ےہ سلسلہ بنگلورو سے آگے بڑھ کر ملک کے کونے کونے تک پہنچ چکا ہے اور سب کے سامنے ےہ بات آ رہی ہے کہ کس طرح بی جے پی ووٹ چوری کر کے ملک کی جمہوریت کو کمزور کرنے میں لگی ہے۔ منصورعلی خان نے کہا کہ بی جے پی کی ان حرکتوں سے ملک کی جمہوریت کی بنیادیں دہل چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں ووٹ چوری کے خلاف کانگریس پارٹی نے جو مہم چلائی ہے اس پر عوام کا زبردست رد عمل سامنے آیا ہے۔ ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں نے اس مہم میں حصہ لے کر ملک میں آئین اور جمہوریت کو بچانے کےلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں شہر بنگلورو کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں ووٹ چوری کے خلاف جس جوش وخروش سے حصہ لیا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ عوام جمہوریت اور آئین کو بچانے کےلئے فکر مند ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے ووٹ کے تقدس کو پامال نہ ہونے دیا جائے۔منصور علی خان نے کہا کہ بنگلورو سنٹرل لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار کے طور پر وہ ملک کے ہر اس شہری کے ساتھ کھڑے ہیں جو اس بات کو لے کر فکر مند ہے کہ ملک میں جمہوریت کو بچائے رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی سی سی میں منعقدہ پروگرام میں سدارامیا، ڈی کے شیو کمار ،کے پی سی سی کے کارگزار صدر جی سی چندرا شیکھر ، ریاستی وزیر ستیش جارکی ہولی ،چیف وہپ سلےم احمد رکن اسمبلی اے سی سرینواس ،آنیکل شیونا ،ریاستی یوتھ کانگریس صدر منجوناتھ گوڑااور دیگرنے شامل ہو کر ووٹ چوری کے خلاف اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *