گنے کے کاشت کاروں کو اضافی تائیدی قیمت دینے کا اقدام
شکر کارخانوں کے مالکوں سے مشور ے کے بعد ہی اٹھایا گیا: وزیر اعلیٰ
بنگلورو۔8 نومبر (سالار نیوز)وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ گنے کے کاشت کارو ںکی طرف سے ان کی فصل پر تائیدی قیمت میں اضافہ کےلئے کی گئی مانگ کو تسلیم کرنے کے مرحلہ میں ریاستی حکومت نے یکطرفہ فیصلہ نہیں کےا بلکہ شکر کے کارخانوں کے مالکوں کی موجودگی میں ہی فی ٹن گنے کے عوض 3300روپے کی تائےدی قیمت دینے کا فیصلہ کےا گیا۔ اخباری نمائندوںسے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت پر اس معاملہ میں یکطرفہ فیصلہ کرنے کا جو الزام سابق وزیر اور شکر کے کارخانوں کے مالک مرگیش نیرانی نے عائد کیا ہے وہ بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ہر کارخانہ کو فی ٹن گنے کے عوض 50روپے کی اضافی قیمت ادا کرنی ہو گی ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے 50روپے ترغیبی رقم کے طورپر ادا کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ریاستی حکومت کی طرف سے سرکاری حکم نامہ باضابطہ جاری ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشت کاروں کو اور بھی جو مسائل ہیں ان پر تبادلہ خیال کرنے کےلئے جلد ہی ایک مخصوص میٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔

