urdu news today live

مہنگائی مودی کی عوام دشمن پالیسیوں کا راست نتیجہ: سدارامیا
بنگلورو۔7 اپریل(سالار نیوز)وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کرناٹک میں بی جے پی لیڈروں کی طرف سے شروع کی گئی نام نہادجن آکروش یاتر’ کی منافقت کو خود پٹرول، ڈیزل اور کھانا پکانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے بے نقاب کئے ہیں۔سدارامیا نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا کہ مودی نے درحقیقت اس سچائی کی تصدیق کی ہے جو ہم ہمیشہ سے کہہ رہے ہیںکہ قیمتوں میں یہ اضافہ مرکزی حکومت کی عوام دشمن معاشی پالیسیوں کا براہ راست نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں جاننا چاہتا ہوں کہ کرناٹک میں بی جے پی لیڈروں کا پیٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں 2 روپے کے تازہ اضافے اور کھانا پکانے کے گیس سلنڈر کی قیمت میں 50 کے اضافے کے بارے میں کیا کہنا ہے۔ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مرکزی حکومت ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ بی جے پی لیڈران کرناٹک کے عوام کو وضاحت دینے کے پابند ہیں۔بنیادی معاشی علم رکھنے والا کوئی بھی شخص سمجھتا ہے کہ پٹرول، ڈیزل اور کھانا پکانے والی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہی چاول، دال، مچھلی، گوشت، سبزیوں سے لے کر ہوٹل کے کھانے تک اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ ہے۔ اس کے باوجود بی جے پی کے لیڈران الزام ہم پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن اب خود وزیر اعظم مودی نے ان کی بوکھلاہٹ کا پردہ فاش کر دیا ہے۔جن لوگوں نے اس نام نہاد ‘جن آکروش یاترا’ کا آغاز کیا ہے ان کے پاس اب صرف دو ہی راستے ہیں: یا تو وزیر اعظم پر دبا ﺅڈالیں کہ وہ قیمتوں میں اضافے کو واپس لے لیں، یا پھر اپنا مذاق ختم کر کے گھر لوٹ جائیں۔ اگر انہوں نے اس ڈرامے کو جاری رکھنے کا انتخاب کیا تو یقینا انہیں عوام کے غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *