گریٹر بنگلورو قانون کے نفاذ خوش آئند: سدارامیا
بنگلورو۔15 مئی (سالارنیوز)وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ شہر بنگلورو کو ہمہ جہت ترقی دینے اور شہر کے دائرہ کو اور زیادہ وسیع کرنے کے مقصد سے گریٹر بنگلورو قانون کو گورنر کی طرف سے منظوری ملنے کے بعد 15مئی سے نافذ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گریٹر بنگلور و اتھارٹی کے قیام سے شہر بنگلورو کی ترقی میں لامرکزیت لائی جا سکے گی۔ ودھان سودھا میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلورو اب سے گریٹر بنگلورو ہو گا اور اس علاقہ کو کم از کم تین کارپویشنوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے شفاف انتظامےہ دینا ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر بنگلورو کی صدارت وزیر اعلیٰ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ا س اتھارٹی کے ذریعہ آنے والے دنوں میں شہر بنگلورو کی ترقی کو اور زیادہ موثر بنایا جا سکے گا۔شہربنگلورو سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار طوقانی بارش کے سبب جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ان کی ہر ممکن مد د کرنے کےلئے ہدایت دی جا چکی ہے۔ سدارامیا نے کہا کہ جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ان کو مناسب معاوضہ دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔

